22سالہ انگلش کاوٴنٹی کرکٹر ہوبڈن کی سکاٹ لینڈ میں اچانک موت

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 3 جنوری 2016 19:51

22سالہ انگلش کاوٴنٹی کرکٹر ہوبڈن کی سکاٹ لینڈ میں اچانک موت

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3جنوری۔2016ء) انگلش کاوٴنٹی سسیکس کیلئے کھیلنے والے ابھرتے ہوئے انگلش فاسٹ باوٴلر میتھیو ہوبڈن 22 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ہوبڈن نے سسیکس کیلئے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو 2014 میں کیا تھا، گزشتہ تین سیزن سے وہ کاوٴنٹی کی تمام طرز کی کرکٹ میں نمائندگی کرتے آ رہے تھے اور اگست میں سسیکس کیلئے آخری میچ کھیلا تھا۔

ان کی موت کی وجوہات کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا لیکن ذرائع کے مطابق ان کی موت اسکاٹ لینڈ میں اچانک واقع ہوئی۔انگلش کرکٹ بورڈ کے فاسٹ باوٴلنگ کوچ کیون شائن نے کہا کہ میٹ بے پناہ صلاحیت کا حامل نوجوان کرکٹر تھا اور ان کی کمی انتہائی شدت محسوس ہو گی۔ہوبڈن انگلینڈ کی قومی ٹیم کیلئے کھیلنے کے خواہشمند تھے اور حال ہی انہیں انگلینڈ کے پرفارمنس پروگرام میں شامل چھ کھلاڑیوں کی فہرست کا حصہ بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان کی موت کے سوگ میں انگلینڈ کے کھلاڑی آج جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاوٴن میں جاری ٹیسٹ میچ میں سیاہ پٹیاں بازو پر باندھ کر میدان میں اتریں گے۔سسیکس نے اپنے بیان میں کہا کہ سسیکس کرکٹ اس سانحے پر بہت شاک اور میتھیو ہوبڈن کے گزرنے کی خبر پر بہت افسردہ ہے۔ہوبڈن کی موت پر انگلش ایک روزہ ٹیم کے کپتان آئن مورگن سمیت متعدد انگلش کھلاڑیوں نے ٹوئٹر پر پیغامات میں ان کی موت پر اظہار افسوس اور اہلخانہ سے دل کی گہرائیوں سے تعزیت کی۔

وقت اشاعت : 03/01/2016 - 19:51:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :