آسٹریلیا نے اپنی سرزمین پر ون ڈے میچز میں مسلسل زیادہ فتوحات کا ویسٹ انڈیز اور سری لنکا ریکارڈ برابر کرنے کے ساتھ بڑا ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا

ہفتہ 16 جنوری 2016 12:51

برسبین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جنوری۔2016ء) آسٹریلوی ٹیم نے اپنی سرزمین پر ون ڈے میچز میں مسلسل زیادہ فتوحات کا ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ کینگروز نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے کر ہوم گراوٴنڈ پر مسلسل 16 ویں کامیابی حاصل کی۔ کینگروز یہ کارنامہ انجام دینے والی مشترکہ طور پر دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے، اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم نے برسبین سٹیڈیم میں ون ڈے کرکٹ میچ میں بڑا ہدف حاصل کر کے نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے ۔

(جاری ہے)

کینگروز نے بھارت کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں 309 رنز کا ہدف حاصل کر کے یہ سنگ میل عبور کر کے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالا، آسٹریلیا نے 2013-14ء میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 301 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔اس کے علاوہ یہ آسٹریلوی سرزمین پر چوتھا بڑا ہدف ہے جو کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی سرزمین پر ون ڈے میچ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی میزبان ٹیم کو ہی حاصل ہے، کینگروز نے 2011ء میں انگلینڈ کے خلاف 334 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا، یہاں پر دوسرا بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھارت کو حاصل ہے، بھارتی ٹیم نے 2012ء میں سری لنکا کے خلاف 321 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

وقت اشاعت : 16/01/2016 - 12:51:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :