امریکہ اور دوسرے یورپی ملکوں سے پرکشش آفرز موجود ہیں،اس کے لئے اپنا گھر اور ملک چھوڑنا پڑے گا‘سلمان احمد

پیر 18 جنوری 2016 14:33

امریکہ اور دوسرے یورپی ملکوں سے پرکشش آفرز موجود ہیں،اس کے لئے اپنا گھر اور ملک چھوڑنا پڑے گا‘سلمان احمد

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) لاس ویگاس میں مسل مینیا ورلڈ باڈی بلڈنگ ٹائٹل جیتنے والے سلمان احمد نے کہا ہے کہ انہیں امریکہ اور دوسرے یورپی ملکوں سے کچھ پرکشش آفرز آئی ہیں لیکن یہ آفرزقبول کرنے کیلئے انہیں اپنا گھر اور ملک چھوڑنا پڑے گااور میں آئندہ جیت کر کبھی پاکستان کا جھنڈا نہیں لہر ا سکوں گا،پاکستان میں باڈی بلڈر کا کوئی مستقبل نہیں اور ساری مراعات صرف کرکٹ کے کھیل کیلئے ہیں،امریکی قونصل خانے نے مسل مینیا کی لائٹ ویٹ کیٹیگری میں تاریخی فتح پر مبارک باد دی جبکہ بھارت مختلف شہروں میں سیمیناروں سے خطاب کیلئے مدعو کرنے پر غور کر رہا ہے لیکن پاکستان میں اب تک کسی رابطہ نہیں کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹر ویو میں سلمان احمد نے کہا کہ پاکستان میں صرف کرکٹ کھلاڑیوں کو شہرت ملتی ہے جبکہ دوسرے کھیلوں کے کھلاڑی توجہ اور مالی معاونت سے محروم رہتے ہیں،حکومت میں کسی نے مجھے مبارک باد کا ایک پیغام تک نہیں بھیجا۔

(جاری ہے)

سلمان نے انکشاف کیا کہ انہیں امریکہ اور دوسرے یورپی ملکوں سے کچھ پرکشش آفرز آئی ہیں لیکن یہ آفرزقبول کرنے کیلئے انہیں اپنا گھر اور ملک چھوڑنا پڑے گااورمیں آئندہ جیت کر کبھی پاکستان کا جھنڈا نہیں لہرا سکوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عالمی اسپانسرز محض پاکستان کا نام سننے پر ہی بھاگ گئے، وہ یہاں آنے سے بہت خوف زدہ ہیں۔ میں انہیں بتاتا ہوں کہ لاہور محفوظ شہر ہے لیکن وہ مانتے نہیں۔سلمان نے بتایا کہ اب ان کی نظریں جون میں میامی میں ہونے والے مسل مینیا پرو کیٹگیری جیتنے پر مرکوز ہیں۔اس حوالے سے ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ عثمان انور کا کہنا ہے کہ حکومت سلمان کی کامیابیوں سے نا آشنا تھی۔اگر ہمیں معلوم ہوتا کہ وہ لاس ویگاس جا رہے ہیں تو ناصرف ہم ان کی مالی مدد کرتے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تربیت اور تکنیکی مہارت بھی فراہم کرتے۔انہوں نے بتایا کہ سلمان کو مدعو کیا ہے اور ملاقات میں ساری تفصیلات جاننے کے بعد ان کی مدد کی جائے گی۔

وقت اشاعت : 18/01/2016 - 14:33:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :