ماسٹرز لیگ :پہلے میچ میں جیمینی عریبیئنز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد لبرا لیجنڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی،سنگاکارا کو بہترین کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

کمار سنگاکارا نے 86، رچرڈ لیوی نے 62 جبکہ بریڈ ہوج نے 46 رنز بنائے

جمعہ 29 جنوری 2016 12:47

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جنوری۔2016ء) سابق کرکٹ ستاروں کی ماسٹرز کرکٹ لیگ کے پہلے میچ میں جیمینی عریبیئنز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد لبرا لیجنڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لبرا لیجنڈز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔جیمینی عریبیئنز کے اوپنرز وریندر سہواگ اور رچرڈ لیوی نے پانچ اوورز کے اندر ہی 54 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

جیمینی عریبیئنز کی جانب سے کمار سنگاکارا نے 86، رچرڈ لیوی نے 62 جبکہ بریڈ ہوج نے 46 رنز بنائے۔
اپنے مقررہ 20 اوورز میں جیمینی عریبیئنز 234 کا پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب رہے۔لبرا لیجنڈز کی جانب سے آئن بٹلر، بریڈ ہوگ اور ٹین ڈشکاٹا ایک، ایک کھلاڑی آوٴٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

جواب میں لیبرا لیجنڈز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 15 رنز کے مجموعی اسکور پر کپتان جیک کیلس پویلین لوٹ گئے۔

لیبرا لیجنڈز کی وکٹیں وقتاً فوقتاً گرتی رہیں اور کوئی بھی بلے باز مطلوبہ رن ریٹ کا مقابلہ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔لیبرا لیجنڈز کی جانب سے ڈشکاٹا 53، شان ارون 22 اور امبروز 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔جیمینی عریبیئنز کی جانب سے کائل ملز 2، رانا نوید الحسن 2، مرلی دھرن 2 جبکہ کیمپ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔سنگاکارا کو بہترین کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

وقت اشاعت : 29/01/2016 - 12:47:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :