ورلڈ ٹی 20 میں فیلڈ امپائرز ہیلمٹ استعمال کریں گے، آئی سی سی

ہفتہ 30 جنوری 2016 13:25

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹی 20 میں فیلڈ امپائرز کو ہیلمٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ فیصلہ حال ہی میں دو امپائرز کے زخمی ہونے کے بعدکیا گیاہے۔ آئی سی سی نے بھارت میں8 مارچ سے شروع ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کے فیلڈ امپائرز کو ہیلمٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فیصلہ حالیہ دومیچز میں امپائرز کے زخمی ہوکر اسپتال جانے کے بعد کیا گیا۔

دسمبر میں بھارت کی رانجی ٹرافی میچ میں آسٹریلوی امپائر جان وارڈ کے سرپر گیند لگی جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے تھے، جبکہ رواں ماہ کینبرا میں آسٹریلیا اوربھارت کے درمیان کھیلے جانے والے ون ڈے میچ کے دوران انگلش امپائرکیٹل بروکی بھی تھوڑی پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ کیٹل برو کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ موجودہ دور میں کرکٹرز کی فٹنس اور قوت میں غیر معمولی اضافہ ہواہے، جبکہ بیٹ بھی زیادہ بہتر ہیں۔

(جاری ہے)

بیٹسمین ون ڈے اور ٹی 20 میں زیادہ زوردار ہٹیں لگاتے ہیں۔ آسٹریلوی امپائر گیرارڈ ابوڈ نے بگ بیش لیگ کے دوران ہیلمٹ پہننا شروع کردیا ہے، جبکہ آئی سی سی آفیشلز کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی طرح فیلڈ امپائرز کی حفاظت بھی بہت ضروری ہے۔ اس لئے بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں فیلڈ امپائرز کو ہیلمٹ فراہم کئے جائیں گے۔

وقت اشاعت : 30/01/2016 - 13:25:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :