لیونل میسی نے ننھے افغان مداح کیساتھ ملاقات کی خواہش ظاہر کر دی

منگل 2 فروری 2016 12:48

لیونل میسی نے ننھے افغان مداح کیساتھ ملاقات کی خواہش ظاہر کر دی

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار 2 فروری- 2016ء) کہتے ہیں لگن سچی ہو تو گوہر مقصود مل ہی جاتا ہے ، شہرہ آفاق فٹبالر لیونل میسی نے اپنے ننھے افغان مداح کے ساتھ ملاقات کی خواہش ظاہر کر دی ۔ 5 سالہ مرتضیٰ اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملاقات کے خیال پر خوشی سے نہال ہوگیا ۔ تفصیلات کےمطابق سٹار فٹ بالر میسی نے مرتضیٰ احمدی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار اس کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر دیکھنے کے بعد کیا ۔

(جاری ہے)

جنگ سے متاثرہ ملک افغانستان کی چند روز پہلے ایک تصویر سوشل میڈیا کی زینت بنی جس میں ایک کمسن لڑکے نے میسی کی سفید اور نیلی دھاریوں والی شرٹ جیسا پلاسٹک بیگ پہن رکھا تھا جس پر مارکر سے میسی 10 بھی لکھا ہوا تھا ۔ یہ اچھوتی تصویر لیونل میسی کی نظر سے بھی گزری جس پر انہوں نے بچے سے ملنے کی خواہش ظاہر کی ، بچے سے متعلق معلومات اکٹھی کی گئیں تو اس کا تعلق افغان صوبے غزنی سے نکلا جس کے والدین غربت کی وجہ سے میسی کے نام والی شرٹ نہیں خرید سکتے تھے ۔ ادھر افغانستان فٹبال فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ میسی ننھے مداح سے بارسلونا فٹ بال کلب کے سٹیڈیم کیمپ نووا میں ملاقات کریں گے ۔

وقت اشاعت : 02/02/2016 - 12:48:27