ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، بھارتی حکومت کا 250 پاکستانی شائقین کو ویزے جاری کرنے کا اعلان

پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ویزوں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے، بھارتی حکام

پیر 7 مارچ 2016 22:17

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، بھارتی حکومت کا 250 پاکستانی شائقین کو ویزے جاری کرنے کا اعلان

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء ) بھارتی حکومت نے ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کے میچ دیکھنے کے لیے 250 پاکستانی شائقین کو ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے میچ دیکھنے کے لیے 250 پاکستانی شائقین کو ویزے جاری کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق بھارت کے 5 دن کے ویزے کے لیے درخواست گزار کو اپنے میچ ٹکٹ بس، ٹرین یا فضائی ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل کی رہائش ظاہر کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل یا پھر فائنل میں پہنچتی ہے تو پاکستانی شائقین کے لیے ویزوں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے جب کہ یہاں آنے والے پاکستانی شائقین کی سیکیورٹی ایجنسیز کڑی نگرانی کریں گی۔واضح رہے کہ دیگر میچوں کے علاوہ سب سے اہم میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 19 مارچ کو ہما چل پردیش کے سیاحتی مقام دھرم شالا میں کھیلا جائے گا تاہم ریاستی حکومت نے میچ کی سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے جب کہ پاکستانی سیکیورٹی ٹیم سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے دھرم شالا پہنچ گئی ہے۔

وقت اشاعت : 07/03/2016 - 22:17:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :