ورلڈ ٹی ٹونٹی ،نیوزی لینڈ نے پاکستان کو22 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

بدھ 23 مارچ 2016 10:59

ورلڈ ٹی ٹونٹی ،نیوزی لینڈ نے پاکستان کو22 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

موہالی ۔ 22 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مارچ۔2016ء) آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں مارٹن گپٹل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو22 رنز سے ہرا کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، متواتر دو شکستوں کے بعد پاکستانی ٹیم کے ناک آؤٹ میں پہنچنے کے امکانات کم ہو گئے۔ گپٹل کی 80 رنز کی دھواں دار اننگز کی بدولت کیویز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 180 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، جواب میں پاکستانی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 158 رنز بنا سکی، شرجیل خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 5.3 اوورز میں 65 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد گرین شرٹس کا کوئی بھی بلے باز کیویز باؤلرز کو کھل کر نہ کھیل سکا، شرجیل خان 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

گپٹل کو 80 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے اور تین کیچز لینے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ منگل کو موہالی میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ سپرٹین مرحلے کے گروپ ٹو کے میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کیوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے، مارٹن گپٹل اور ولیمسن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 7.2 اوورز میں 62 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، یہاں پر عرفان نے ولیمسن کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، انہوں نے 17 رنز بنائے، کولن منرو 7 رنز بنانے کے بعد آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس موقع پر کورے اینڈرسن نے گپٹل کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے مل کر ٹیم کا سکور 127 تک پہنچا دیا، گپٹل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گرین شرٹس کے باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 80 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد محمدسمیع کی گیند پر بولڈ ہو گئے، اگلے اوور میں آفریدی نے اینڈرسن کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، اینڈرسن21 رنز بنا سکے، 164 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ گری جب رونچی 11 رنز بنا کر سمیع کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، روز ٹیلر نے 36 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 180 تک پہنچا دیا، سمیع اور آفریدی نے 2، 2 اور محمدعرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 158 رنز بنا سکی، ہدف کے تعاقب کیلئے پاکستانی ٹیم جب میدان میں اتری تو شرجیل خان اور احمدشہزاد نے ٹیم کو 5.3 اوورز میں 65 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، یہاں پر ایڈم ملن نے شرجیل خان کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، شرجیل 25 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد کیوی باؤلرز گرین شرٹس کے بلے بازوں پر حاوی رہے، انہوں نے کسی بھی بلے باز کو کھل کر اسٹروکس کھیلنے کا موقع نہ دیا، خالد لطیف بھی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور صرف 3 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 96 کے سکور پر احمدشہزاد 30 رنز بنانے کے بعد سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 123 کے سکور پر پاکستانی ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب آفریدی 19 رنز بنانے کے بعد باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 140 کے سکور پر عمر اکمل 24 رنز بنا کر ملن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس طرح پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 158 رنز تک محدود رہی۔

شعیب ملک 15 اور سرفراز احمد 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سینٹنر اور ملن نے دو، دو جبکہ سودی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

وقت اشاعت : 23/03/2016 - 10:59:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :