شاہد آفریدی کا کشمیریوں کی پاکستان کیلئے سپورٹ سے متعلق بیان بی سی سی آئی کے گلے کی ہڈی بن گیا

بدھ 23 مارچ 2016 13:38

شاہد آفریدی کا کشمیریوں کی پاکستان کیلئے سپورٹ سے متعلق بیان بی سی سی آئی کے گلے کی ہڈی بن گیا

موہالی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔23مارچ2016ء ) ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کا کشمیریوں کی پاکستان کیلئے سپورٹ سے متعلق بیان بی سی سی آئی کے گلے کی ہڈی بن گیا ، بورڈ سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے آفریدی کو سیاسی بیان دینے سے گریز کرنے کی وارننگ دیدی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کیخلا ف میچ سے قبل رمیز راجہ کے سوال کے جواب میں قومی کپتان شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ موہالی میں کشمیر سے بھی لوگ ان کی ٹیم کو سپورٹ کرنے آئے جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر سے آفریدی کا یہ بیان ہضم نہ ہوا اور انہوں نے پاکستانی کپتان کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس طرح کے ’سیاسی ‘ بیانات دینے سے گریز کرناچاہیئے کیوں کہ وہ اسی طرح کے بیانات دیکر پاکستان میں شدید تنقید کی زد میں آتے رہے ہیں ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آفریدی کو سیاسی بیان دینے سے گریز کرنے کا کہنے والے انوراگ ٹھاکر خود بھی بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ممبر اسمبلی اور یوتھ ونگ کے سربراہ ہیں ۔

وقت اشاعت : 23/03/2016 - 13:38:50