ویمنز ورلڈ ٹی 20 ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی، سدرہ امین کی 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز

انگلینڈ نے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز کو ایک وکٹ سے ہرا دیا

جمعرات 24 مارچ 2016 22:49

ویمنز ورلڈ ٹی 20 ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی، سدرہ امین کی 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز

دہلی ۔ 24 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء) آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی 20 کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر دو قیمتی پوائنٹ حاصل کر لئے، گرین شرٹس نے 114 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، سدرہ امین 53 اور بسمہ معروف 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، سدرہ امین کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

ایک اور میچ میں انگلینڈ ویمن نے ویسٹ انڈیز ویمن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فیروز شاہ کوٹلہ، دہلی میں کھیلے گئے گروپ بی کے اہم میچ میں بنگلہ دیش ویمن کی کپتان جہاں آراء عالم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

انعم امین اور اسماویہ اقبال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان ویمن نے ہدف 16.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، سدرہ امین نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ بسمہ معروف 43 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں، دونوں کے مابین 99 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ سدرہ امین کو میچ کی بہترین پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ اسی گروپ کے دوسرے میچ میں انگلینڈ ویمن نے ویسٹ انڈیز ویمن کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا۔

دھرم شالا میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی کپتان سٹیفنی ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے، سٹیفنی ٹیلر 35 ، شاکوانہ کوئنٹنی 29 اور دیندرا ڈوٹن 22رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔ کیتھرین برنٹ، اینا شربسول، جینی گن اور نیتلی سکیور نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں انگلینڈ ویمن نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، تیمی بیمونٹ 31 اور کپتان شارلٹ ایڈورڈز 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ نیتلی سکیور نے 19 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

وقت اشاعت : 24/03/2016 - 22:49:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :