بہت ہوگیا ،اب سوچنا ہے کہ معافی دینی ہے یا ایکشن لینا ہے:رمیزراجہ

منگل 29 مارچ 2016 23:59

بہت ہوگیا ،اب سوچنا ہے کہ معافی دینی ہے یا ایکشن لینا ہے:رمیزراجہ

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔29مارچ2016ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز را جہ ہیڈ کوچ وقار یونس پر برس پڑے،کہتے ہیں کہ ہر مرتبہ معافی دے دی جاتی ہے جو غلط ہے ، اب سب کو سوچنا ہوگا کہ معافی دینی ہے یا سخت ایکشن لینا ہے،بہت سے فیصلے لینے کا وقت آ پہنچا ہے ۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کی جانب سے قوم سے معافی مانگے جانے کے سوال پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ اب بڑے فیصلے لینے کا وقت آگیا ہے ، گزشتہ تین سال میں ٹیم بہت نیچے آئی ہے ، وقار یونس ٹیم بنانے میں ناکام رہے ہیں ، کوچ میں سٹار کو ہیرو بنانے کی صلاحیت ہونی چاہیئے ،پیسے لینے والوں کااحتساب بھی ہونا چاہیئے ،بہت سے لوگوں کو بہت مرتبہ معافی مل چکی ہے اس لیے اب سوچنا ہوگا کہ ایک بار پھر معافی دینی ہے یا سخت ایکشن لینا ہے ۔

(جاری ہے)

ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ نہ ہونے کا ٹیم کی کاکردگی پر اثر پڑنے کے سوال پر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ اگر آپ وکٹ بھی نہ پڑھ سکیں اور اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے بھی ناواقف ہوں تو اس میں انٹر نیشنل کرکٹ کے ملک میں ہونے یا نہ ہونے سے کیا فرق پڑ تا ہے،بورڈ کو اب ایسے لوگ سامنے لانا ہوں گے جو ٹیم کی پرفارمنس کو ترجیح دیں ، وقار کے بارے میں کوئی خراب بات نہیں کرنا چاہتا لیکن اب سخت فیصلے لینے کا وقت آگیا ہے۔

رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی بھارت میں ہورہا تھا لیکن ہم ایک بھی ریگولر سپنر لیکرنہیں گئے،اب بھی کوئی مستعفی نہیں ہونا چاہتا ، نہ کپتان جانا چاہتا ہے نہ ہی کوچ ، دنیا مریخ پر پہنچ گئی ہے اور ہم اب بھی زمین کی 8ویں تہہ میں دفن ہیں۔ایک سوال کے جواب میں رمیز راجہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں وہ ٹیم کوچ کے کپتان کے بغیر ہی چلائیں گے اور سرفراز احمد کو کپتان بنا کر ایک اچھا ٹیم منیجر رکھیں گے ۔

وقت اشاعت : 29/03/2016 - 23:59:45