دوسرا سالانہ فیم سپورٹس فٹ بال لیگ کے سپرراؤنڈ کے تحت دو میچ کھیلے گئے

پیر 4 اپریل 2016 16:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) دوسرا سالانہ فیم سپورٹس فٹ بال لیگ 2015-16 کے سپرراؤنڈ کے تحت گزشتہ روز دو میچ کھیلے گئے جس میں فیم سپورٹس کلب نے افشاں کلب اور رئیل لاہور کلب نے سٹرائیکر زیشان کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت مخالف ٹیم کو آوٹ کلا س کر دیا۔پہلے میچ میں فیم سپورٹس کلب نے فیم سپورٹس فٹ بال گراونڈ ماڈل ٹاون لاہور میں افشاں کلب کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہر ا دیا۔

کھیل کے پہلے ہاف کے دوسرے ہی منٹ میں افشاں کلب کے سٹرائیکر مطاہر نے رائٹ سائٹ سے فیم سپورٹس کلب کے گول پوسٹ کی طرف حملہ کیا لیکن فیم کے گول کیپر خرم شہزاد نے انتہائی ماہرانہ طریقے سے اس حملے کو روکا ۔افشاں کلب نے اپنی دفاعی اور مڈفیلڈ لائن میں بہتر ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے مخالف ٹیم پر حملے جاری رکھے ۔

(جاری ہے)

کھیل کے 43 ویں منٹ میں فیم سپورٹس کلب کے کھلاڑی نے رائٹ سائٹ سے سٹرائیکر زین کو بال دیاجو کہ افشاں کلب کے دفاعی کھلاڑی سے ٹکرا کر جال میں چلی گئی اور اسطرح پہلا ہاف ایک گول کی برتری سے فیم سپورٹس کے حق میں رہا۔

دوسرے ہاف میں کھیل کے 65 ویں منٹ میں افشاں کلب کے علی باجوہ نے کونٹر اٹیک کرتے ہوئے سنٹر ہا ف سے بال کو ڈربلنگ کرتے ہوئے فیم سپورٹس کلب کے دفاعی کھلاڑی کو ڈاج دیتے ہوئے بال کو ٹیب ان کے زریعے فرسٹ بار کی طرف سے جا ل میں پھینک کر اپنی ٹیم کے لیے پہلاگول کر دیا۔ یہ اس میچ کا بہترین گول گردانا گیا۔فیم سپورٹس کلب نے اپنی اٹیکنگ حمکت عملی کو بروئے کار لاتے ہوئے متبادل کھلاڑی مڈ فیلڈر امجد کو میدان میں اتارا۔

جنہوں نے لیفٹ سائٹ سے کھیل کے 86 ویں منٹ میں سٹرائیکر احمد کو مائنس کراس دیا جس کو انہوں نے بال کو ٹیب آؤٹ کے زریعے اپنی ٹیم کے لیے فیصلہ کن گول کر دیا۔ اور اسطرح فیم سپورٹس کلب ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح کی دیوی کو رام کرنے میں کامیاب رہی۔اس میچ کے ریفری محمد امجد،فرسٹ اسسٹنٹ ریفری فیاض صدیقی، سیکنڈ اسسٹنٹ ریفری زبیر شہزاد جبکہ میچ کمشنر شبیر احمد تھے۔

آج کا کھیلا گیا دوسرا میچ سی یو کیمپس پارک فٹ بال گراؤنڈ نیو یونیورسٹی لاہور میں رئیل لاہور کلب اور سبزہ زار کلب کے مابین کھیلا گیا۔ جو کہ رئیل لاہور نے سٹرائیکر زیشان کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت دو کے مقابلے میں نو گول سے جیت کر سبزہ زار کلب کو کھیل کے ہر شعبے میں آوٹ کلاس کر دیا۔زیشان نے چار گول، معاذ نے دو گول، شہرام نے ایک گول پنلٹی کک کے زریعے، عثمان اور سعد نے ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کے لیے تاریخ ساز کامیابی سمیٹی۔ دوسری طرف سبزہ زار کلب کے سٹرائیکر قدیر نے دو گول کرکے اپنی ٹیم کے ہار کے مارجن کو کم کیا۔ اس میچ کے ریفری زبیر شہزاد، فرسٹ اسسٹنٹ ریفری محمد امجد، سیکنڈ اسسٹنٹ ریفری فیاض صدیقی جبکہ میچ کمشنر عبدالرشید تھے۔

وقت اشاعت : 04/04/2016 - 16:30:35