کوئٹہ،14ویں بلوچستان منی اولمپک گیمز2016ء کے سلسلے میں میراتھن ریس کاانعقاد

480کھلاڑیوں کی شرکت،ریس ریلوے چوک سے شروع ہوکرپاک ترک چوک پراختتام پذیر

منگل 5 اپریل 2016 22:02

کوئٹہ،14ویں بلوچستان منی اولمپک گیمز2016ء کے سلسلے میں میراتھن ریس کاانعقاد

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 اپریل۔2016ء) 14ویں بلوچستان منی اولمپک گمیز 2016ء کے سلسلے میں میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا ۔ میراتھن ریس کا آغاز ریلوے چوک سے ہوا جوسپنی روڈ ، عوامی پل، سبزل روڈ اوربی ایم سی سے ہوتاہوا پاک ترک چوک پر اختتام پذیرہوا۔ میراتھن ریس میں 480کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی منظور احمدخان کاکڑ تھے ۔

میراتھن ریس کے ججز میں سلیم جاوید ، منظور احمد کاکڑ ، سردار شبیر احمد اور شاہد زمان شامل تھے۔ میراتھن ریس کے لئے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ جبکہ شائقین نے ریس کے مختلف راستوں پر کھلاڑیوں کی بھرپور طریقے سے حوصلہ افزائی کی۔ میراتھن ریس میں علی نواز مینگل نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ علی شیر نے دوسری ، محمد اجمل نے تیسری پوزیشن حاصل کی جن کا تعلق یوتھ کلب سے ہے۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی منظور احمد خان کاکڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کے لئے اسپورٹس سرگرمیوں کے انعقاد ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی نوجوان نسل میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اس خطے نے نامور بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی پیدا کئے ہیں ۔

جو ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کر رہے ہیں۔ انھوں نے میراتھن ریس اور دیگر گیمز کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی بہترین کوچنگ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ رکن اسمبلی نے بلوچستان منی اولمپکس گیمز کا اپنی مدد آپ کے تحت انعقاد کو سراہا ۔اس موقع پر صدر بلوچستان باسکٹ بال عبدالولی کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی ترقی اور فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس گیمز کے انعقاد سے صوبے کے بہترین کھلاڑی سامنے آرہے ہیں۔

وقت اشاعت : 05/04/2016 - 22:02:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :