معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کے آئی پی ایل کنٹریکٹ کی منسوخی میں ہندوستانی کرکٹرز ملوث نکلے

muhammad ali محمد علی پیر 11 اپریل 2016 23:52

معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کے آئی پی ایل کنٹریکٹ کی منسوخی میں ہندوستانی کرکٹرز ملوث نکلے
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اپریل 2016ء) معروف بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کے آئی پی ایل کنٹریکٹ کی منسوخی میں ہندوستانی کرکٹر ز کا ”بڑا ہاتھ “ ہونے کا انکشاف ہواہے ۔ بی سی سی آئی کے بڑے تو یہ بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ بھوگلے کے کنٹریکٹ کی منسوخی میں امیتابھ بچن کے ٹویٹ کا بڑا ہاتھ ہے تاہم اب سامنے آنے والے حقائق کچھ اور ہی بتارہے ہیں ۔

54سالہ کمنٹیٹر اپنے آزادنہ تجزیوں اور تبصروں کے باعث بھارتی ٹیم اور مینجمنٹ کو ایک آنکھ نہیں بھاتے کیوں وہ بالخصوص بلیو شرٹس کی سیاست اور بالخصوص اپنی مرضی کی پچ بنوانے پر تنقید کرتے ہیں ،حالیہ ورلڈ ٹی ٹونٹی اور اس سے قبل جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بھوگلے سے تنگ آئے کئی بھارتی کرکٹرز نے بی سی سی آئی کے بڑو ں سے ملاقاتیں کی تھیں۔

(جاری ہے)

ہرشا بھوگلے کی چبھتی باتیں اگرچہ غیر معقول یا غیر منصفانہ نہیں ہوتیں لیکن وہ سیاست زدہ بی سی سی آئی کو پسند بھی نہیں آتیں ۔ ماضی میں بی سی سی آئی کے ساتھ معاہدے کرنیوالے کمنٹیٹروں نے اگرچہ کبھی نہیں مانا کہ ان پر بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کی سلیکشن ، پچ کا چناؤ ، کپتانی اور بی سی سی آئی کی سیاست پر نہ بولنے کی خاموش عائد تھی لیکن کئی واقعات نے ان افواہوں کو سچ ثابت کیا ۔

ایک بھارتی اخبار سے بات کرتے ہوئے ٹیم کو 2موجودہ کھلاڑیوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بھوگلے کی کمنٹری ٹیم میٹنگ میں زیر بحث آتی تھی تاہم انہوں نے اس بات سے بھی انکار کیا کہ ٹیم کاکوئی رکن 54سالہ کمنٹیٹر کیخلاف باضابطہ شکایت لیکر بی سی سی آئی کے بڑوں سے ملا ہو۔ہرشا بھوگلے کے آئی پی ایل کنٹریکٹ کی منسوخی میں بھارتی ٹیم کے بعض کھلاڑیوں کا ہاتھ ہونے کو امیتابھ بچن کی جانب سے کیے گئے ایک ٹویٹ کو بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کی جانب سے ری ٹویٹ کیے جانے پر تقویت ملتی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کمنٹیٹروں کو غیر ملکی کھلاڑیوں کی بجائے بھارتی کھلاڑیوں کے بارے میں گفتگو کرنی چاہیئے ۔

کہاجارہا ہے کہ آئی پی ایل کے لیے تمام کمنٹیٹرز اور امپائرز کے تقرر میں سیکریٹری بی سی آئی انوراگ ٹھاکر کا ہاتھ ہے تاہم بھوگلے کی چھٹی کرنے میں انوراگ ٹھاکر کے ساتھ بورڈ کے دیگر بڑے بھی شامل ہیں جنہوں نے کمنٹیٹرز کے بارے میں کھلاڑیوں سے رائے بھی معلوم کی تھی ۔
وقت اشاعت : 11/04/2016 - 23:52:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :