صدر مملکت نے اسلام آباد میں تین روزہ قائد اعظم بین الصوبائی کھیلوں کا افتتاح کردیا

پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،درست حکمت عملی کے تحت کھیلوں کے فروغ کی کوشش کی جائے تو ہم کھیل کے میدانوں میں اپنا کھویا مقام دوبارہ حاصل کرلینگے،ممنون حسین کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 اپریل 2016 21:20

صدر مملکت نے اسلام آباد میں تین روزہ قائد اعظم بین الصوبائی کھیلوں کا افتتاح کردیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اسلام آباد میں تین روزہ قائد اعظم بین الصوبائی کھیلوں کا افتتاح کردیا۔اس موقع ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ایک زمانے میں پاکستان کھیلوں کی دنیا پر چھایا ہوا تھا۔ ہماری ہاکی اسکواش اور کرکٹ ٹیمیں فتوحات کے جھنڈے گاڑ رہی تھیں لیکن اس کے بعد ہماری کامیابیوں کو گہن لگتا گیا اس کی بنیادی وجہ میرٹ کی پامالی اور ترجیحات کے درست تعین سے گریز تھا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اگر درست حکمت عملی کے تحت کھیلوں کے فروغ کی کوشش کی جائے تو ہم کھیل کے میدانوں میں میں اپنا کھویا ہوا مقام بھی دوبارہ حاصل کرلیں گے اور جب تک ہمارے بچے اور نوجوان کھیل کے میدانوں میں اپنا زور بازو آزماتے رہیں گے کوئی دہشت گرد تخریب کار اور پاکستان کا کوئی دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے گا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے تنزل کی ایک وجہ یہ بھی رہی ہے کہ اب اسکولوں کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں انھوں نے کہا کہ اسکولوں میں کھیلو ہر بھرپور توجہ کی ضرورت ہے تاکہ بچے اوائل عمری میں ہی اپنی پسند کی کھیلوں میں مہارت پیدا کر سکیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ عالمی سطح ہر مقبول کھیلوں کے علاوہ پاکستان کے روائتی کھیلوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے جن میں کھیل کبڈی کشتی پولو نیزہ بازی اور ملاکھڑا سمیت تمام کھیل شامل ہیں ، انہوں نے ملک کے چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کو جمع کرنے ہر وزارت بین الصوبائی رابطہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور وزارت منصوبہ بنی کو مبارک باد پیش کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے صوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ آور دیگر بھی موجود تھے۔

وقت اشاعت : 23/04/2016 - 21:20:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :