تیسرا ایشیاء کبڈی کپ 2 سے6مئی تک واہ کینٹ میں کھیلا جائے گا

ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت نیپال ، ایران ، بھارت ، سری لنکا ، ترکمانستان اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی پاکستان کبڈی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی،ٹورنامنٹ کے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست دکھائے جائیں گے

پیر 25 اپریل 2016 21:51

تیسرا ایشیاء کبڈی کپ 2 سے6مئی تک واہ کینٹ میں کھیلا جائے گا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اپریل۔2016ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن اور پی او ایف کے زیر اہتمام تیسرا ایشیاء کبڈی کپ 2 سے6مئی تک واہ کینٹ میں کھیلا جائے گا،ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت نیپال ، ایران ، بھارت ، سری لنکا ، ترکمانستان اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی، پاکستان کبڈی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی،ٹورنامنٹ کے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست دکھائے جائیں گے۔

پیر کو مقامی ہوٹل میں تیسرے ایشیا ء کبڈی کپ کے لوگو اور ٹرافی کی تقریب رونمائی تقریب ہوئی، اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور ،پی او ایف سپورٹس بورڈ کے صدر عامر مراد،پی ٹی وی سپورٹس کے ڈائریکٹر نعمان نیاز اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، تقریب سے خطاب کر تے ہوئے پی ٹی وی سپورٹس کے ڈائریکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست دکھائے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان کئی عرصے سے انٹر نیشنل سپورٹس ایونٹس کی میزبانی سے محروم ہے،کبڈی ایشیا ء کپ میں غیر ملکی ٹیموں کی آمد سے ملک میں انٹر نیشنل سپورٹس کی راہیں دوبارہ کھلیں گی،انہوں نے کہا کہ کبڈی ایشیا کپ کی مارکیٹنگ نہ ہونے کے باوجود پی ٹی وی اس ٹورنامنٹ کو دکھائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں غیر جانبدار ایمپائرنگ کیلئے ہر ٹیم کے ساتھ ایمپائروں کو بھی بلایا گیا ہے تاکہ ہر میچ میں نیوٹرل ایمپائر تعینات کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے تمام ٹیموں نے کنفرم کر دیا ہے،ٹورنامنٹ سرکل سٹائل میں ہوگا،واضح رہے کہ اس سے قبل 2کبڈی ایشیا کپ ہو چکے ہیں جن میں سے 2008 میں ایران میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بھارت جبکہ 2012لاہور میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان نے فتح حاصل کی تھی۔

وقت اشاعت : 25/04/2016 - 21:51:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :