لیسٹر سٹی انگلش پریمیئر لیگ میں نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب

اتوار 1 مئی 2016 15:22

لیسٹر سٹی انگلش پریمیئر لیگ میں نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار یکم مئی ۔2016ء ) انگلش پریمیئر لیگ کے ایک تاریخی میچ میں لیسٹر سٹی اور مانچسٹر یونائیٹڈ پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 6بجے آمنے سامنے ہوں گے ، لیسٹر سٹی اگر اس مقابلے فاتح ہوتا ہے تو وہ اپنی 132 سالہ تاریخ میں پہلی بار برطانیہ کی سب سے اہم فٹبال لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر یگا۔لیسٹر سٹی آج کے اس اہم مقابلے میں مانچسٹر یونائٹیڈ کیخلاف اپنے سٹار کھلاڑی جیمی وارڈی کے بغیر کھیلے گی جنہیں ٹوٹنہم کیخلاف میچ میں ریڈ کارڈ دکھائے جانے پر خراب رویے کا مظاہرہ کرنے پر دو میچز کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق لیسٹر سٹی ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے دھانے پر ہے جبکہ لیسٹر کے منیجر کلاڈیو رانییاری کے بقول کلب کو پریمیئر لیگ جیتنے کا اس سے اچھا موقع پھر نہیں ملے گا۔

(جاری ہے)

پوائنٹس ٹیبل پر لیسٹر اس وقت اپنی قریب ترین حریف ٹوٹنہم سے 7 پوائنٹس آگے ہے ۔ لیسٹر نے35 میچ کھیل کر 76 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ ٹوٹنہم 35 میچوں میں 69 پوائنٹس حاصل کرسکا ہے۔

حیران کن امر یہ ہے کہ لیسٹر سٹی میں شامل کھلاڑیوں کی مالیت تقریباً 7 ملین پاونڈ ہے جبکہ اس کی کچھ حریف ٹیموں کی مالیت کئی سو ملین پاونڈ ہے ۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ لیسٹر سٹی کا شمار انگلش پریمیئر لیگ کے بڑے اور مہنگے کلبوں میں نہیں ہوتا ہے ،گزشتہ برس کلب کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی تھی اور عام خیال تھا کہ کلب پریمیئر لیگ سے نکل جائیگا۔

وقت اشاعت : 01/05/2016 - 15:22:11