آئی سی سی کے چیئرمین کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 8مئی سے جمع ہونگے ، منتخب چیئرمین کا اعلان 23مئی کو ہوگا

پیر 2 مئی 2016 12:22

دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی 8 مئی سے جمع ہوں گے، نامزد امیدوار کو مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ منتخب چیئرمین کا اعلان 23مئی کو ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جمہوری طور پر منتخب نئے چیئرمین کی نامزدگی کا عمل آٹھ مئی سے شروع ہوگا۔ کاغذات نامزدگی آڈٹ کمیٹی کے چیئرمین عدنان زیدی کے پاس جمع کرائے جائیں گے۔

کونسل کے 1997ء سے اب تک موجودہ اور سابق ڈائریکٹرز کو نامزد کیا جاسکتاہے۔ نامزدگی کے لئے دو فل ممبرز کی حمایت لازمی ہے۔ کوئی ملک اپنا امیدوار نامزد نہیں کرسکتا۔ نامزد امیدوار اپنے ملک کے بورڈ میں کوئی عہدہ بھی نہیں رکھ سکتا۔چیئرمین کے انتخاب میں آئی سی سی کے دس فل ممبرز اور ایسوسی ایٹ ممالک کے تین ارکان سمیت تیرہ ارکان ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

کسی امیدوار کو چنا ؤکے لئے ووٹ طلب کرنے یا مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایک سے زیادہ امیدوار ہونے کی صورت میں کرکٹ کے بارے میں اپنا وژن اور منصوبوں کے لئے پریزنٹیشن دینے کا موقع دیا جائے گا۔ انتخابی عمل مکمل ہونے پر 23مئی کو منتخب چیئرمین کا اعلان کردیا جائے گا۔ چیئرمین دوسالہ مدت کے لئے جون میں کونسل کی سالانہ کانفرنس سے عہدے کا چارج سنبھالے گا۔عبوری چیئرمین ششانک منوہر عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں۔ انہوں نے بگ تھری کے خاتمے اور ریونیو میں بھارت کے شیئر میں کمی میں اپنے کردار سے آئی سی سی ارکان کو متاثر کیاہے اور دس میں سے چھ ارکان کی انہیں حمایت حاصل ہے۔

وقت اشاعت : 02/05/2016 - 12:22:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :