تیسرے ایشیاء سرکل سٹائل کبڈی کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر مسلسل دوسری بار ایشیاء ٹائٹل جیت لیا

ہفتہ 7 مئی 2016 11:22

اسلا آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء) تیسرے ایشیاء سرکل سٹائل کبڈی کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر مسلسل دوسری بار ایشیاء کبڈی کپ جیت لیا۔فائنل معرکے میں پاکستان نے بھارت کو 31پوائنٹس کے مقابلے میں 50پوائنٹس سے شکست دیکر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا،پاکستانی کبڈی ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ،ٹورنامنٹ میں بھارت نے دوسری اور ایران نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز واہ سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل معرکہ پاکستان اور بھارت کی کبڈی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا،فیصلہ کن معرکے میں دلچسپ مقابلہ ہوا،میچ میں پاکستان نے میچ کے آغاز سے ہی اپنی برتری قائم رکھی ،میچ کے پہلے ہاف میں پاکستان کو بھارت پر 15 پوائنٹس کے مقابلے پر 24پوائنٹس کی برتری حاصل تھی ،پاکستان کبڈی ٹیم نے میچ ختم ہونے تک اپنی برتری کو برقرار رکھا اور بھارت کو31پوائنٹس کے مقابلے میں 50 پوائنٹس سے شکست دیکر مسلسل دوسری بار ایشیاء کبڈی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا پاکستان کی جانب سے مانا جٹ،شفیق چشتی ،وقاص بٹ،بلال محسن ڈھلوں ،رانا محمد عاطف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں کھیلے گئے میچ میں ایران نے افغانستان کو 14 پوائنٹس کے مقابلے میں 57 پوائنٹس سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت 6ممالک نے شرکت کی جس میں بھارت ،افغانستان،ایران،سری لنکا اور نیپال نے شرکت کی،ٹورنامنٹ 2مئی سے 6مئی تک واہ سپورٹس کمپلیکس میں جاری رہا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 2دفعہ ایشیاء کبڈی کپ کھیلا گیا جس میں ایک مرتبہ پاکستان اور ایک بار بھارت نے فتح حاصل کی تھی۔

وقت اشاعت : 07/05/2016 - 11:22:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :