ایشیاء کبڈی کپ کے فائنل میں پاکستان سے شکست کھانے والی بھارتی کبڈی ٹیم وطن واپس لوٹ گئی

پیر 9 مئی 2016 16:47

لاہور ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) تیسرے ایشیاء سرکل سٹائل کبڈی کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان سے شکست کھانے والی بھارتی کبڈی ٹیم ا نڈین ایمچور کبڈی فیڈریشن کے چیئرمین گرمیل سنگھ کی قیادت میں گزشتہ روز واہگہ بارڈر سے بھارت روانہ ہوگئی۔ پنجاب کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری اعجاز اور دیگر عہدیداران نے انہیں واہگہ بارڈ پر الوداع کیا ۔

واضح رہے کہ بھارتی کبڈی ٹیم کے مجموعی طور پر 25 اراکین پاکستان آئے تھے لیکن ہفتہ کے روز پولیس رپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے 22 اراکین کو امیگریشن حکام نے بھارت جانے کی اجازت نہیں دی جبکہ تین اراکین جو کہ پولیس رپورٹ سے مثتثنی تھے کو بھارت جانے کی اجازت مل گئی تھی تاہم بھارتی دستے کے 22 اراکین پولیس رپورٹ کی کاروائی مکمل کرنے کے بعد سوموا ر کی صبح واہگہ بارڈر سے بھارت روانہ ہوئے۔

(جاری ہے)

دستے کے اراکین کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں محبت کا پیغام لے کر آئے تھے اور ان کا پاکستان میں بہترین استقبال اور مہمان نوازی کی گئی جس کو وہ مدتوں یاد رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دستے کے چند اراکین پولیس رپورٹ سے مستثنی تھے جس کی وجہ سے ہمیں غلط فہمی ہوگئی تھی کہ سب اراکین ہی پولیس رپورٹ سے مثتثنی ہیں جس کی وجہ سے ہمیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا سرور اور دیگر حکام نے پولیس رپورٹ کی کاروائی مکمل کروانے میں ہماری بہت مدد کی۔ ہم پاکستانی عوام کا پیار اور محبت ساتھ لے کر جارہے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ دوبارہ بھی پاکستان میں آئیں۔

وقت اشاعت : 09/05/2016 - 16:47:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :