کبڈی ٹیم کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام اقدامات اٹھائینگے ،نصیر یوسف وہرہ

پیر 16 مئی 2016 14:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مئی۔2016ء) حکومت پنجاب کی جانب سے پاکستان کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ کبڈی کے فروغ کے لئے ڈویژنل اور ضلعی کی سطح پر میچز کا سلسلہ جاری ہے ۔ اول ‘ دوم ‘ سوئم اور بہترین کھلاڑیوں میں لاکھوں روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار سینئر نائب صدر پنجاب سرکل کبڈی ایسوسی ایشن پنجاب نصیر یوسف وہرہ نے سپورٹس بورڈ پنجاب لاہورمیں منعقدہ جنرل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر چوہدری وقاص احمد کھگھہ ‘ جنرل سیکرٹری سرور بٹ ‘ غلام عباس بٹ ہیڈ کوچ ‘ پروفیسر ظفر گجر و دیگر عہدیداران کے علاوہ صوبہ پنجاب کے ڈویژنل و ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

جنرل اجلاس میں پنجاب بھر میں کبڈی کی پانچ کمیٹیاں ‘ کوچرز کمیٹی ‘ ڈسپلن کمیٹی ‘ ٹیکینکل کمیٹی ‘ ایگزیکٹو کمیٹی اور سلیکشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئیں۔

تمام عہدیداران و اراکین نے متفقہ طور پر ان کے کمیٹیوں کا چیئرمین نصیر یوسف وہرہ کو نامزد کر لیا گیا ۔ نصیر یوسف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سپورٹس کمپلیکس میں انڈر 17 کے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے ماہ جون میں کیمپ لگایاجائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل و ضلعی سطح پر کبڈی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں پہلا میچ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 18 مئی جبکہ دوسرا میچ 20 مئی کو گجرات ‘ تیسرا میچ 3 جون کو چنیوٹ ‘ چوتھا میچ 4 جون کو جھنگ اور پانچواں کبڈی میچ 5 جون کو فیصل آباد میں کھیلا جائے گا ۔

انہوں نے حکومت پنجاب کی طرف سے کبڈی کے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کثیر فنڈز کی فراہمی خوش آئند اقدام قرا ر دیتے ہوئے کہا کہ کثیر فنڈز کی فراہمی سے کبڈی کے کھلاڑیوں میں زیادہ سے زیادہ نکھار پیدا ہو گا

وقت اشاعت : 16/05/2016 - 14:22:31