آل کراچی عظمت علی میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل شہزاد محمڈن فٹ بال کلب نے جیت لیا

منگل 17 مئی 2016 14:08

کراچی ۔ 17 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مئی۔2016ء) نیشنل سپورٹنگ فٹ بال کلب کے زیر اہتمام آل کراچی عظمت علی میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل شہزاد محمڈن فٹ بال کلب نے اپنے نام کر لیا۔ فائنل معرکے میں شہزاد محمڈن نے مدمقابل مضبوط حریف مسلم برادرز کورنگی کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل جیت لیا۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق کھیل کے دوران پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں شہزاد محمڈن کے کھلاڑیوں سہیل اور اخلاق نے یکے بعد دیگرے 2 گول سکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی سماجی و سیاسی رہنماء حاجی زاہد سے دونوں ٹیموں کا تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ شہزاد محمڈن کے سہیل کو دیا گیا۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر حیدر، وکیل، سیکریٹری نیشنل سپورٹنگ مہتاب، سیکریٹری جانباز اسپورٹس امیر حاتم، ایچ ایم حنیف، مکمل شاہ اور دیگر موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری فرید طوفان، نصیر عمر بلوچ اور عزیز پاشا نے انجام دیئے۔

وقت اشاعت : 17/05/2016 - 14:08:16