سعودی عرب،5 سال میں 8 لاکھ افراد کو روزگار ملا

منگل 17 مئی 2016 14:08

ریاض ۔ 17 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مئی۔2016ء) سعودی عرب میں انسانی وسائل کی ترقی کے فنڈ (ہدف) نے گذشتہ 5 سال کے دوران میں 8 لاکھ 31 ہزار مرد وخواتین کو ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ ہدف کے ڈپٹی ایگزیکٹو چئیرمین عمر مالیباری نے میڈیا کو بتایا کہ ملازمتیں پانے والے ان سعودیوں میں 63 فیصد مرد اور 37 فی صد خواتین ہیں۔ انھوں نے کہا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 52400 سعودیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔

ان میں 61 فی صد مرد اور 39 فی صد خواتین ہیں۔ جناب مالیباری نے جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ 2011ء میں بے روزگاری کی شرح 12.4 فی صد تھی اور یہ 2015ء میں کم ہوکر 11.5 فی صد ہوگئی تھی۔ عمر مالیباری نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد سعودی مرد وخواتین نے ہدف فنڈ کے الیکٹرانک تربیتی پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

دیروب کے نام سے یہ پلیٹ فارم مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں تربیتی مواقع مہیا کررہا ہے اور سعودیوں کو لیبر مارکیٹ کے لیے تیار کررہا ہے۔سعودی عرب بھر میں ہدف فنڈ کی 124 شاخیں اور روزگار کے مراکز ہیں۔ وہاں ملازمت کے حصول کے لیے آنے والے افراد کو رہنمائی اور تربیت دی جاتی ہے۔ہدف ایک سال کے لیے بے روزگاری الاوٴنس دیتا ہے۔اس کے علاوہ یہ نجی اسکولوں میں پڑھانے والے سعودی مرد وخواتین کو ان کی نصف تنخواہیں بھی ادا کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :