انگلینڈ کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے ٗوین رونی

فرانس میں ہونے والے یورپیئن چیمپئن شپ میں فتح کیلئے مستقل مزاجی سے کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ٗانٹرویو

منگل 17 مئی 2016 18:24

انگلینڈ کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے ٗوین رونی

پیر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان وین رونی نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے ٗ فرانس میں ہونے والے یورپیئن چیمپئن شپ میں فتح کیلئے مستقل مزاجی سے کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ کے منیجر روئے ہوجسن نے یورو کپ کیلئے انگلینڈ کے ابتدائی 25 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جہاں انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ ان کی ٹیم ورلڈ کپ 1966 کے بعد پہلا بڑا ایونٹ جیتنے میں کامیاب رہے گی۔

ایک انٹرویو میں وین رونی نے کہا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ ہمارا اسکواڈ بہت اچھا ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ ہم کسی بھی ٹیم کو کسی بھی میچ میں شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے فٹبالر نے کہا کہ صرف یہی کافی نہیں بلکہ یورو کپ جیتنے کیلئے ہمیں پورے ٹورنامنٹ کے دوران مستقل مزاجی سے کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مجھ سمیت ایسے کئی کھلاڑی موجود ہیں جو مختلف پوزیشنز پر کہیں بھی کھیل سکتے ہیں، ہماری کوالیفائرز کی مہم بہت اچھی رہی تاہم ہمیں کوشش کرنی ہو گی کہ مطمئن ہو کر نہ بیٹھ جائیں اور ہر ممکن حد تک ملنے والے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ٹیم میں مارکوس ریش فورڈ جیسے پھرتیلے نوجوان کھلاڑیوں کی آمد کے بعد وین رونی خود اسٹرائیکر کے بجائے مڈفیلڈ میں بھی کیل سکتے ہیں جہاں اس سیزن وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے بھی مڈفیلڈ میں کھیلتے ہوئے نظر آئے۔

انگلش کپتان نے کہا کہ فٹبال میں ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہوتی ہے جو مختلف پوزیشنز پر کھیل سکے، بحیثیت کھلاڑی آپ کو خود کو ہر صورتحال میں ڈھالنا ہوتا ہے اور یہ کہ کوچ آپ سے کیا چاہتا ہے، اپنے کیریئر کے دوران میں خود کو صورتحال کے مطابق ڈھالتا رہا ہوں اور مجھے اس میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔

وقت اشاعت : 17/05/2016 - 18:24:26