پاکستان ہاکی لیگ کے پہلے ایڈیشن کے لئے پیپر ورک شروع ، چھ ٹیموں میں پانچ ، پانچ غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنے کی تجویز منظور

بدھ 18 مئی 2016 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) پاکستان ہاکی لیگ کے پہلے ایڈیشن کے لئے پیپر ورک شروع کردیا گیا ، چھ ٹیموں میں پانچ ، پانچ غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنے کی تجویز کو منظورکرلیا گیا ،بھارتی کھلاڑیوں اورآفیشلز نے پی ایچ ایل میں شرکت کی رضامندی ظاہر کر دی جبکہ آسٹریلیا کے نامور کھلاڑی جمی ڈائر کو بھی شرکت کیلئے راضی کرلیا گیا، اکتوبر میں لیگ کے پہلے ایڈیشن کے مقابلے لاہور، فیصل آباد اور گوجرہ میں کرانے کی تجویز پر بھی غور شروع کردیا گیا ۔

پی ایچ ایف کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستا ن ہاکی لیگ کے پہلے ایڈیشن کے لئے پیپر ورک شروع کردیا گیا ہے جبکہ ہمسایہ ملک بھارت کے کھلاڑی اور آفیشلز نے بھی پی ایچ ایل کے پہلے ایڈیشن میں شرکت کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف حکام نے گزشتہ ماہ ملائیشیا میں ہونیوالے اذلان شاہ کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کو لیگ میں کھیلنے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے اب قبول کرلی ہے۔

دوسری جانب ہاکی فیڈریشن نے آسٹریلیا کے نامور کھلاڑی جمی ڈائر کو بھی پی ایچ ایل کیلئے راضی کرلیا ۔پاکستان ہاکی لیگ کی چھ ٹیموں میں پانچ ، پانچ غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنے کی تجویز کو بھی منظورکرلیا گیا ہے جبکہ پی ایچ ایل کے میچز لاہور، فیصل آباد اور گوجرہ میں کروانیکی تجویز بھی زیر غور ہے۔

وقت اشاعت : 18/05/2016 - 16:20:09