ہاکی فیڈریشن انسانی سمگلنگ میں ملوث نہیں ‘ شبہاز احمد

جمعہ 20 مئی 2016 13:22

ہاکی فیڈریشن انسانی سمگلنگ میں ملوث نہیں ‘ شبہاز احمد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کسی طور بھی انسانی سمگلنگ میں ملوث نہیں ہے۔شہباز احمد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ بات درست ہے کہ معاملے میں نیب نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو خط بھیجا تھا جس کے جواب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے تمام ملحقہ یونٹس کو خبردار کردیا کہ وہ اس شخص سے دور رہیں جس کا نیب نے ذکر کیا تھا۔

شہباز احمدنے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے اس معاملے میں الیکٹرانک میڈیا کو بہت زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا جو نہیں کیا گیا بلکہ انہیں ہدف بناتے ہوئے کردار کشی کی گئی۔اگر میڈیا کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت تھا تو وہ کیوں سامنے نہیں لایا گیا؟۔

(جاری ہے)

شہباز احمد نے کہا کہ اگر ان کے دستخط سے کسی سفارت خانے کو ویزے کیلئے خط جاری ہوا ہو یا کوئی این او سی جاری ہوا ہو تو اس صورت میں وہ ذمہ دار ہیں اگر ماضی میں کسی نے ویزوں کیلئے خط جاری کیے تو اس کے ذمہ دار وہ کیسے ہوسکتے ہیں؟ ۔

شہبازاحمد نے کہا کہ اگر کوئی شخص پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نام استعمال کرکے لوگوں کو باہر بھجوانے کا جھانسادے رہا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ناکہ فیڈریشن کے خلاف۔شہباز احمد نے کہا کہ پاکستانی ہاکی کو صحیح دھارے پر لانے میں تین سے چار سال لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت اولمپکس ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہے اس کی عالمی رینکنگ اس وقت دسویں ہے اور ٹیم کو تیار کیا جارہا ہے ‘ایسے میں اگر ٹیم اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پانچویں نمبر پر آتی ہے تو کہا گیا کہ اسے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا یہ بات کہنے والے وہ لوگ ہیں جنہیں حقائق کا علم ہی نہیں ہے انہیں یہ نہیں معلوم کہ پاکستانی ہاکی اس وقت کس مقام پر آگئی ہے اور اسے دوبارہ اوپر لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

شہباز احمد نے رواں سال چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنی چاہیے تھی وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا تماشہ دیکھنا چاہتے ہیں اور اس پر دباوٴ ڈالنا چاہتے ہیں۔

وقت اشاعت : 20/05/2016 - 13:22:08