نِصر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں انڈر 18ہاکی کے ٹرائلز مکمل

پیر 30 مئی 2016 15:15

نِصر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں انڈر 18ہاکی کے ٹرائلز مکمل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 مئی۔2016ء) نِصر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں انڈر 18ہاکی کے ٹرائلز مکمل ہو گئے۔ منتخب کھلاڑیوں کا اعلان نیشنل جونیئر انڈر 18ہاکی چیمپئن شپ کے بعد اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل جونئیر ہاکی انڈر 18چیمپئن چپ میں جو ٹیمیں شرکت نہ کر سکیں ان کے ٹرائلز لینے کا اہتمام پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔

پیر کے روز نِصر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی انڈر 18ہاکی کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے گئے۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی بھی موجود تھی، سلیکشن کمیٹی میں اولیمپئن محمد عرفان، کامران اشرف، نوید عالم اور چیئر مین سلیکشن کمیٹی رشید احمد جونیئر بھی موجود تھے جو کہ ٹرائلز دینے والے کھلاڑیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

جب آن لائن نے سلیکشن کمیٹی سے منتخب کھلاریوں کے متعلق پوچھا تو سلیکشن کمیٹی نے بتایا کہ ہم نے ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ہے۔ کچھ لڑکے اچھا کھیل رہے ہیں لیکن مستقبل میں ہاکی کیمپ کے لئے ابھی لڑکوں کی فائنل سلیکشن نہیں ہوئی کیونکہ ابھی ٹورنامنٹ جاری ہے۔ انہوں نے آن لائن کو مزید بتایا کہ جیسے ہی یہ ٹورنامنٹ ختم ہو گا اسکے ساتھ ہی ہاکی فیڈریشن کے دوسرے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد باقاعدہ طور پر کھلاریوں کا اعلان کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر نیشنل ہاکی جونیئر انڈر 18ٹورنامنٹ کرنل (ر) محمد احمد نواز ملک بھی موجود تھے جنہوں نے آن لائن کو بتایا کہ فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت کی ٹیمیں کسی وجہ سے ٹورنامنٹ میں حصہ نہ لے سکیں جس کی وجہ سے ہم نے سو چا کہ اگر یہ ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے قاصر ہیں تو ان ٹیموں کے کھلاریوں کو بلایا جائے اور انکے ٹرائلز لیئے جائیں تاکہ کوئی حق دار کھلاڑی اپنے حق سے محروم نہ رہ جائے۔

وقت اشاعت : 30/05/2016 - 15:15:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :