دفاعی چیمپئن سپین کو دھچکا،ڈینی کارواجل فٹنس مسائل کے باعث یورو فٹبال چیمپئن شپ سے باہر

بدھ 1 جون 2016 14:54

دفاعی چیمپئن سپین کو دھچکا،ڈینی کارواجل فٹنس مسائل کے باعث یورو فٹبال چیمپئن شپ سے باہر

بارسلونا ۔ یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جون۔2016ء) دفاعی چیمپئن سپین کے فٹ بالر ڈینی کارواجل فٹنس مسائل کے باعث رواں ماہ شیڈول یورو چیمپئن شپ سے دستبردار ہو گئے، ان کی جگہ آرسنل کے ڈیفنڈر ہیکٹر بیلیرن کو سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ سپین نے 2008ء اور 2012ء میں یورو چیمپئن شپ کے ٹائٹلز اپنے نام کئے تھے اور وہ مسلسل تیسری بار ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے کی خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

یوروچیمپئن شپ 10 جون سے 10 جولائی تک فرانس میں کھیلی جائے گی جس میں دنیائے فٹ بال کی 24 بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گی۔ سپین کی ٹیم کو گروپ ڈی میں چیک ریپبلک، ترکی اور کروشیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ سپین فٹ بال فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈینی یوئیفا چیمپئنز لیگ ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف فائنل کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے اور ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ یوروچیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی نہیں کریں گے۔

وقت اشاعت : 01/06/2016 - 14:54:37