15ویں یورو فٹبال چیمپئین شپ:فرانس میں میدان سج گیا‘مسلسل 2 مرتبہ یوروکا فاتح سپین اپنے اعزازکے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا

14 ٹورنامنٹس میں سب سے زیادہ بار کامیابی جرمنی اور سپین کے حصے میں آئی ہے اور دونوں ٹیموں نے تین تین مرتبہ یہ مقابلے جیتے جبکہ فرانس دومرتبہ یورو کا فاتح رہ چکا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 10 جون 2016 13:25

15ویں یورو فٹبال چیمپئین شپ:فرانس میں میدان سج گیا‘مسلسل 2 مرتبہ یوروکا فاتح سپین اپنے اعزازکے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا

پیرس(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10جون۔2016ء) یورو فٹبال چیمپئین شپ آج فرانس میں شروع ہو رہی ہے۔15ویں یوروچیمپئین شپ یورپی ممالک کے لیے مخصوص ان مقابلوں میں 24 ٹیمیں میدان میں ہیں جنھیں چھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔سپین کی ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔یورو فٹبال مقابلوں میں اب تک کھیلے گئے 14 ٹورنامنٹس میں سب سے زیادہ بار کامیابی جرمنی اور سپین کے حصے میں آئی ہے اور دونوں ٹیموں نے تین تین مرتبہ یہ مقابلے جیتے ہیں۔

اس کے بعد موجودہ ٹورنامنٹ کے میزبان فرانس کا نمبر آتا ہے جو دو بار یورو کا فاتح رہ چکا ہے۔ان کے علاوہ سویت یونین، اٹلی، چیکو سلواکیہ، نیدر لینڈز، ڈنمارک اور یونان نے ایک ایک بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔

(جاری ہے)

1960فرانس میں کھیلی جانے والی پہلی یورو فٹبال چیمپئین شپ کے فائنل میں اس وقت کی سوویت یونین کی ٹیم نے یوگو سلاویہ کو دو ایک سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

1964سپین میں کھیلی جانے والی دوسری یورو کپ فٹبال چیمپئین شپ کو میزبان ملک نے جیتا۔یورو مقابلوں کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب میزبان ملک نے اس چیمپئین شپ کو جیتا۔سپپن نے فائنل میں دفاعی چیمپیئن سوویت یونین کی ٹیم کو دو ایک سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔ 1968اٹلی میں کھیلی جانے والی تیسری یورو فٹبال چیمپئین شپ میں ایک بار پھر فتح کا تاج میزبان ملک کے سر رہا۔

یورو کپ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع تھا جب میزبان ملک نے اس چیمپئین شپ کو جیتا۔اٹلی نے فائنل میں یوگوسلاویہ کو دو صفر سے ہرایا۔ 1972یلجیئم میں کھیلی جانے والی چوتھی یورو چیمپئین شپ کے فائنل میں سوویت یونین کی ٹیم گذشتہ چار ٹورنامنٹس میں تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچی لیکن یہ فائنل مغربی جرمنی کے نام رہا جس نے سویت یونین کو تین صفر کے سکور سے فتح حاصل کی اور پہلی بار اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

1976یوگوسلاویہ میں منعقد ہونے والی پانچویں یورو فٹبال چیمپئین شپ کے فائنل میں چیکو سلواکیہ اور دفاعی چیمپیئن مغربی جرمنی کا میچ مقررہ وقت میں برابر رہا۔یوں پہلی مرتبہ یورو کے فائنل کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آو¿ٹ پر ہوا جس میں چیکوسلواکیہ نے پانچ کے مقابلے میں تین گول سے فتح حاصل کی اور پہلی بار یورو فٹبال چیمپئین شپ جیتی۔ 1980اٹلی میں کھیلے جانے والے چھٹے یورو مقابلوں میں مغربی جرمنی کی ٹیم لگاتار تیسری بار فائنل میں پہنچی اور بیلجیئم کو دو ایک سے شکست دے کر دوسری بار یہ اعزاز حاصل کیا۔

1984فرانس میں منعقد ہونے والی ساتویں یورو چیمپئین شپ کے فائنل میں میزبان فرانس اور سپین کی ٹیمیں مدِمقابل آئیں۔فتح فرانس کے حصے میں آئی جس نے سپین کو دو صفر سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔یہ یورو مقابلوں کی تاریخ میں تیسرا موقع تھا جب میزبان ملک یہ چیمپئین شپ جیتنے میں کامیاب رہا۔اس سے پہلے سپین نے 1964 اور اٹلی نے 1968 میں اس چیمپئین شپ کی میزبانی کے ساتھ ساتھ یہ کپ بھی جیتا تھا۔

1988اس وقت کے مغربی جرمنی میں کھیلی جانے والی آٹھویں یورو چیمپئین شپ کے فائنل میں نیدرلینڈز کی ٹیم نئے فاتح کے طور پر سامنے آئی۔نیدرلینڈز نے 1972 کے بعد پہلی بار فائنل میں پہنچنے والی سوویت یونین کی ٹیم کو دو صفر سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔ 1992سویڈن میں منعقد ہونے والے نویں ٹورنامنٹ کے فائنل میں ڈنمارک نے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی اور پہلی بار یورو چیپمئین بننےکا اعزاز حاصل کیا۔

1996انگلینڈ میں کھیلی جانے والی دسویں یورو فٹبال چیمپئین شپ میں جرمنی نے لگاتار دوسری بار فائنل تک رسائی پائی اور جمہوریہ چیک کی ٹیم کو دو ایک سے ہرا کر نہ صرف گذشتہ مقابلوں میں شکست کا داغ دھویا بلکہ مجموعی طور پر تیسری بار یورو کا فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔2000بیلجیئم اور نیدرلینڈ میں منعقد ہونے والی 11ویں یورو چیمپئین شپ کے فائنل میں فتح فرانس کے حصے میں آئی جس نے اٹلی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر دوسری بار یہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

200412 ویں یورو مقابلے پرتگال میں کھیلے گئے جس کے فائنل میں یونان نے میزبان ملک پرتگال کو ایک صفر سے شکست دے کر پہلی بار یورو چیمپئین شپ کا فاتح بننے کا اعزاز حاصل کیا۔2008آسٹریا اور سوئٹزر لینڈ میں کھیلی جانے والے 13 ویں یورو مقابلوں کے فائنل میں فتح کی دیوی 34 برس بعد سپین کی ٹیم پر مہربان ہوئی جب اس نے جرمنی کو ایک صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی تاریخ میں دوسری بار فتح کا تاج اپنے سر سجایا۔

2012پولینڈ اور یوکرین میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والی 14 ویں یورو فٹبال چیمپیئن شپ میں سپین کی ٹیم ایک بار پھر فائنل میں پہنچی جہاں اس کا سامنا اٹلی سے تھا۔اس مرتبہ سپین نے ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد اٹلی کو چار صفر سے شکست دی اور مسلسل دوسری بار جبکہ مجموعی طور پر تیسری بار یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

وقت اشاعت : 10/06/2016 - 13:25:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :