آفر ہوئی تو کسی اور فرنچائز کیلئے بھی پی ایس ایل کھیل سکتا ہوں:شاہد آفریدی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 13 جون 2016 16:33

آفر ہوئی تو کسی اور فرنچائز کیلئے بھی پی ایس ایل کھیل سکتا ہوں:شاہد آفریدی

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13جون ۔2016ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کو خیرباد کہنے کا اشارہ دے دیا ،کہتے ہیں کہ اگر آفر ہوئی تو کسی اور فرنچائز کے لیے بھی پی ایس ایل میں کھیل سکتا ہوں۔ کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کو انٹر ویو دیتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ ایک پروفیشنل کرکٹر ہیں اور جس فرنچائز کو ان کی ضرورت پڑے گی وہ اس کے لیے کھیلیں گے ،وہ صرف پشاور زلمی سے منسلک نہیں ہیں۔

آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ فی الحال ان کی ٹیم پشاور زلمی ہی ہے تاہم آگے بڑھنے سے قبل انہیں پشاور کی ٹیم کے مالک جاوید آفریدی کے ساتھ کچھ معاملات طے کرنے ہیں، فرنچائز کا مقصد پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے ساتھ ساتھ ملک میں کرکٹ انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط کرنا تھا اور وہ پشاور زلمی کو اس بات کا کریڈٹ ضرور دیں گے کہ اس نے پشاور اور کے پی کے دیگر علاقوں میں کرکٹ کیمپس اور ٹورنامنٹس آرگنائزکروائے ہیں،اب بھی کچھ چیزوں کا حل نکالنا باقی ہے ورنہ اور کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

36سالہ شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ انہیں گزشتہ 2،3سال سے بگ بیش لیگ کے ہر سیزن میں کھیلنے کی آفرآتی تھی تاہم انٹر نیشنل کرکٹ کے باعث وہ اس لیگ میں شرکت نہیں کرسکے،اگر اس سیزن میں انہیں کوئی آفر ہوئی تو وہ اسے قبول کرلیں گے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ انکے ذاتی خیال میں انضمام الحق کو قومی ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کوچ منسلک ہونا چاہیئے تھا کیوں اس سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوتا،وہ اسکے ساتھ ساتھ بھی سلیکشن کی ذمہ داریاں نبھا سکتے تھے۔

قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کو چ مکی آرتھر کے بارے میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ 2003ء میں جنوبی افریقہ کے ڈومیسٹک سیزن میں گریکولینڈ ویسٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے مکی آرتھر کی کوچنگ میں کھیل چکے ہیں اور تب انہوں نے آرتھرکو جارح مزاج اور اچھا کوچ پایا تھا ،انکے خیال میں گرین شرٹس کو ابھی جارح مزاج کوچ کی ہی ضرورت ہے،مکی آرتھر کے پاس آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیموں کی کوچنگ کا تجربہ ہے اور انہیں نئے ہیڈ کوچ سے قومی ٹیم کے لیے اچھے نتائج لانے کی توقع ہے۔

دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی جیت کے چانسز کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہا ر کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ برطانوی کھلاڑی سال میں بے تحاشہ کرکٹ کھیلتے ہیں جس کے بعد انہیں اپنی پچزکا اچھی طرح پتہ ہے جس کی وجہ سے انہیں ہوم گراؤنڈ پر ہرانا بہت مشکل ہے،پاکستان اگر سیریز ڈرا کرنے میں بھی کامیاب ہوگیا تو یہ بھی ایک بڑی کامیاب ہوگی۔

وقت اشاعت : 13/06/2016 - 16:33:35