پی سی بی گوررنگ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن میں پنک گیند سے دس ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی منظوری دیدی

منصوبے پر عمل درآمد قائد اعظم ٹرافی کے میچز سمیت سیمی فائنل اور فائنل میں بھی جائے گا

منگل 14 جون 2016 20:52

پی سی بی گوررنگ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن میں پنک گیند سے دس ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی منظوری دیدی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جون ۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)ستمبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس سیزن میں پنک گیند سے دس ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔اس منصوبے پر عمل درآمد قائد اعظم ٹرافی کے میچز سمیت سیمی فائنل اور فائنل میں بھی کیا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بہترین ٹیمیں نئی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پی سی بی کے گورننگ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ اس تجویز کو منظور کر لیا ہے۔اوسطا کم و بیش ہر سال تبدیل ہونے والے قائد اعظم ٹرافی کا فارمیٹ گزشتہ سال جیسا ہی رکھا جائے گا جہاں گزشتہ سال کی جانے والی تبدیلی پانچ سال میں کی جانے والی تیسری تبدیلی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم ایک روزہ فارمیٹ کے اسٹرکچر میں تبدیلی کے امکانات ہیں اور 16 ٹیموں پر مشتمل نیشنل ون ڈے کپ کو دو ٹورنامنٹس میں تقسیم کیا جائے گا جس میں ایک ریجنل اور دوسرا ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں پر مشتمل ہو گا۔

پنٹنگولر کپ کی جگہ حال ہی میں شروع کیے گئے پاکستان کپ میں پانچ صوبائی ٹیموں کو ہی شامل کیا جائے گا جبکہ ڈومیسٹک سیزن کا آغاز اگست کے آخری ہفتے میں نیشنل سپر ٹی ٹوئنٹی کپ کے ذریعے ہو گا۔قائد اعظم ٹرافی میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی اور گزشتہ سیزن میں بہترین کارکردگی دکھانے والی چھ ریجنل اور چھ ڈپارٹمنٹس کی ٹیمیں براہ راست رسائی کی حقدار ہوں گی جبکہ بقیہ چار ٹیموں کا فیصلہ 14 ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے کوالیفائنگ رانڈ سے ہو گا۔

ڈے نائٹ ٹیسٹ کے انعقاد کا اصل مقصد قومی کرکٹرز کو دسمبر میں آسٹریلیا کے برسبین میں ہونے والی قومی ٹیم کے ڈے نائٹ ٹیسٹ قبل کھلاڑیوں کو اس کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ گزشتہ چھ سالوں سے پنک گیند سے کھیلنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے لیکن یہ کاوش محض چند میچوں تک محدود رہی۔ 2010-11 میں قائد اعظم ٹرافی کا فائنل نارنجی رنگ کی گیند سے کھیلا گیا جبکہ اگلے سیزن کے فائنل میں استعمال ہونے والی گیند کا رنگ گلابی تھا۔

اس سال کے اوائل میں سوئی ناردرن اور یونائیٹڈ بینک کے درمیان کھیلے گئے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں بالترتیب دونوں ٹیموں کے قائدین مصباح الحق اور یونس خان نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا تھا۔پی سی بی نے اس کوشش پر خوشی کا اظہار کیا تھا لیکن کھلاڑیوں نے گیند نظر آنے اور پرانی ہونے پر گیند کے معیار پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

وقت اشاعت : 14/06/2016 - 20:52:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :