پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سالانہ کیلنڈر میں ایک نئے فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا اضافہ

جمعرات 16 جون 2016 23:07

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سالانہ کیلنڈر میں ایک نئے فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا اضافہ

لاہور۔16 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جون ۔2016ء ) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے سالانہ کیلنڈر میں ایک نئے فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا اضافہ کر لیا ہے جس کا آغاز 18 جون سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں فیلڈ لائٹس میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کو او جی ڈی سی کی جانب سے سپانسر کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر، جنرل منیجر او جی ڈی سی عبدالروف، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر طاہر زمان اور آرگنائزنگ سیکرٹری خواجہ جنید نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں لاہور لائینز، کراچی شارک، پشاور پینتھرز، کوئٹہ واریئر، اسلام آباد فائیٹر، اور فیصل آباد فالکنز کے نام دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہر ٹیم 12 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی تاہم میچ کے لیے 10 کھلاڑیوں کے ہی نام دیئے جائیں گے۔ میدان میں ایک وقت میں پانچ کھلاڑی کھیل سکیں گے۔ روزانہ تین میچ کھیلے جائیں گے، ہر میچ 36 منٹ کا ہوگا جو تین ہاف پر مشتمل ہوگا۔

12 منٹ کے کھیل کے بعد تین منٹ کی بریک ہوا کرئے گی۔ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 2.5 ملیں رکھی گئی ہے۔ جس میں فاتح ٹیم کو سات لاکھ ملیں گے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 5 لاکھ، تیسرے نمبر کی ٹیم کو 4 لاکھ، چوتھے نمبر کی ٹیم کو تین لاکھ، پانچویں نمبر کی ٹیم کو دو لاکھ جبکہ آخری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو بھی ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور اے ایچ ایف کے اجلاسوں میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کی بات ہو رہی ہے جلد اس کا ورلڈ کپ کرانے کا بھی پروگرام بنایا جا رہا ہے لہذا مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کو متعارف کرایا ہے۔ جس کا مستقبل میں قومی کھیل کو فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پاکستان ہاکی لیگ کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لیے غیر ملکی ہاکی فیڈریشنز کے ساتھ بھی معاملات چل رہے ہیں۔

سوئیزر لینڈ ہاکی فیڈریشن کے حکام سے بھی ہماری ملاقات ہوئی ہے جنہوں نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان ہاکی کو انٹرنیشنل مقابلوں سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔ اس موقع پر سپانسر ادارے او جی ڈی سی کے جنرل منیجر عبدالروف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کو اس کا ماضی واپس دلا نے کے لیے ہمارے ادارہ نے قومی کھیل کو سپانسر کیا ہے جلد ہمارا ادارہ اپنی ہاکی ٹیم بنا کر اس میں کھلاڑیوں کو نوکریاں بھی دے رہا ہے۔ پاکستان ہاکی کو جب بھی ہماری ضرورت ہوگی ہم اس کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔

وقت اشاعت : 16/06/2016 - 23:07:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :