سرفراز احمد نے ٹیسٹ سیریز میں ڈراپ کیچز کا ملبہ انگلش گراؤنڈز پر ڈال دیا

ہفتہ 30 جولائی 2016 14:43

سرفراز احمد نے ٹیسٹ سیریز میں ڈراپ کیچز کا ملبہ انگلش گراؤنڈز پر ڈال دیا

ووسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی۔2016ء)پاکستانی کر کٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے ٹیسٹ سیریز میں ڈراپ کیچز کا ملبہ انگلش گراؤنڈز پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہوا بھی گیند کا رخ موڑ دیتی ہے، ہمارے فیلڈرز کنڈیشنز کے عادی نہیں،اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں اپنی غلطیوں کا احساس ہے، مسائل پر قابو پانے کیلیے کام کررہے ہیں، تیسرے ٹیسٹ میں کم بیک کرینگے۔

اپنے ایک انٹرویو میں سرفراز احمد نے ڈراپ کیچز کی بڑی وجہ انگلینڈ میں گراؤنڈز کی ڈھلوانی سطح کو قرار دیا، انھوں نے کہاکہ میدانوں میں چلنے والی تیز ہوا بھی گیند کا رخ موڑ دیتی ہے جسکی وجہ سے مشکل پیش آتی ہے، انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا دباؤ اپنی جگہ مگر کنڈیشنز مختلف ہوں تو مسائل میں اضافہ ہوجاتا ہے، اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں فیلڈنگ سمیت اپنی غلطیوں کا احساس ہے، کوئی بھی ٹیم پہلی اننگز میں 600 کے قریب مجموعہ حاصل کرلے تو حریف پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، ہمارے بولرز میزبان بیٹنگ لائن کو محدود نہیں کرسکے،دوسرے جانب بیٹسمین بھی بہتر مزاحمت کرسکتے تھے لیکن حکمت عملی کارگر نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

سرفراز نے کہا کہ ایجبسٹن میں نیا میچ اور چیلنج ہوگا، ہماری ٹیم میں کم بیک کی صلاحیت موجود ہے، ہمیں ایسے پلیئرز کی خدمات بھی حاصل ہیں جو ماضی میں بھی دباؤ کے باوجود بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہو چکے، یونس خان نہ صرف فٹنس میں دوسروں کیلیے مثال بلکہ مشکل حالات میں ثابت قدمی کے حوالے سے بھی پہچان رکھتے ہیں۔امید ہے کہ ایک بار پھر وہ ٹیم کیلیے کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہیں گے، اسی طرح مصباح ، اظہر اور اسد نے بھی کئی میچز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ سابق کرکٹرز کا وسیع تجربہ اور ملک کیلیے بڑی خدمات ہیں، ہمیں ان کی تنقید کا برا منانے کے بجائے کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے دی جانے والی تجاویز پر عمل کرنا چاہیے۔

وقت اشاعت : 30/07/2016 - 14:43:12