برمنگھم ٹیسٹ : سہیل خان نے ٹیم سے باہر رہنے کا غصہ گوروں پر نکال دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 3 اگست 2016 19:30

برمنگھم ٹیسٹ : سہیل خان نے ٹیم سے باہر رہنے کا غصہ گوروں پر نکال دیا

برمنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار3 اگست ۔2016ء) برمنگھم ٹیسٹ کے پہلے روز سہیل خان نے ٹیم سے باہر رہنے کا غصہ گوروں پر نکال دیا ، دائیں ہاتھ کے پیسر نے 4برطانوی کھلاڑی ٹھکانے لگا دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایجبیسٹن کرکٹ گراؤنڈ ،برمنگھم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ میزبان اوپنر ایلکس ہیلز اور ایلسٹر کک نے اننگز کا مثبت آغاز کیا تاہم 5سال بعد اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے سہیل خان نے ہیلز کو 17رنز پر پوویلین واپس چلتا کیا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے جو روٹ اس بار ناکام رہے اور محض 3رنز بنا کر سہیل خان کا دوسرا شکار بن گئے ۔ ایلسٹر کک نے مثبت بلے باز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور وہ گرین شرٹس کے لیے خطرہ بن رہے تھے کہ راحت علی نے ٹیم کو ”راحت “ فراہم کرتے ہوئے انہیں 45کے انفرادی سکور پر آؤٹ کردیا ۔جیمز ونس ایک بار پھر بڑے سکور کی جانب گامزن تھے تاہم سہیل خان نے 39رنز پر ان کی گاڑی کو بھی بریک لگا دیئے ۔ وکٹ کیپر بلے باز بیئر سٹو اس بار کچھ خاص نہ کر پائے اور 12رنز بنا کر سہیل خان کا چوتھا شکار بن گئے۔

وقت اشاعت : 03/08/2016 - 19:30:21