بال ٹمپرنگ الزامات سے انضمام بری ہونے پر جشن

جمعہ 29 ستمبر 2006 17:31

شیخوپورہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29ستمبر2006 ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق کوائی سی سی کی انکوائری کمیٹی کی طرف سے بال ٹمپرنگ کے الزامات سے بری کرنے پر شیخوپورہ میں کرکٹ کے شائقین خوشی کے مارے گلیوں اور بازاروں میں ناچتے نکل آئے اور انہوں جگہ جگہ مٹھائیاں تقسیم کیں اور آتش باری کے مظاہرے کئے ایم پی اے افضل سلطان ڈوگر میاں خالد محمود ، کرکٹر شفیق خان چوہان ، خان اشرف خان ، چینی سیکرٹری پنجاب کے بیٹے علی سلیمان رانا نے آئی سی سی کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی جیت قرار دیا انہوں نے کہا کہ متعصب ایمپائر ڈیرل ہیئر کو اب استعفی دے دینا چاہیے اس سے زیادہ بے عزتی ان کی نہیں ہوسکتی تاہم انہوں نے انضمام الحق پر چار میچوں کی پابندیاں لگنے کے فیصلے کو نا مناسب قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ بال ٹمپرنگ کے جھوٹے الزام کی وجہ سے سارا مسئلہ پیدا ہوا جبکہ پاکستانی ٹیم کو اس الزام سے بری کر دیا گیا تو پھرانضمام الحق پر پابندیاں بلا جواز ہیں اور پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی جیت کے فیصلہ کو بھی واپس لیا جائے اولمپئن اخلاق احمد ، شیخ اعجاز احمد ، نوید عالم نے ایک بیان میں کہا کہ آئی سی سی کے فیصلہ سے متعصب امپائر کی زیادتی منظر عام پر آگئی اور اب اسے چمپئنز ٹرافی کے میچوں میں تعینات نہ کیا جائے بلکہ اس سے استعفی لیا جائے ۔

وقت اشاعت : 29/09/2006 - 17:31:31