پاکستان کھیلوں کیلئے پر امن ملک ہے،یہاں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے :عامر خان

جمعہ 26 اگست 2016 14:22

پاکستان کھیلوں کیلئے پر امن ملک ہے،یہاں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے :عامر خان

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26اگست۔2016ء )پاکستانی نژاد برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کیلئے پر امن ملک ہے ، پاکستان میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے بس اس کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ 8سال کی عمر سے باکسنگ کررہے ہیں اور 17 سال کی عمر سے اولمپکس میں شرکت کر کے کامیابیوں کا سلسلہ شروع کیا، پاکستان کھیلوں کے لیے پر امن ملک ہے اور یہاں کے شہری بہت اچھے دل کے مالک ہیں ،ان کی فیملی چھوٹی عمر سے گرمیوں کی چھٹیاں پاکستان میں گزارتے تھے اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے ۔

عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مداحوں سے نہیں گھبراتے اور ان کی سیلفیوں کی فرمائش پر کبھی انکار بھی نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلق ہونے کی وجہ سے کرکٹ سے لگاؤ ضرور ہے،فاسٹ باؤلنگ بھی کی ہے لیکن پروفیشن اور جنون باکسنگ سے ہی وابستہ ہے،وہ باکسنگ میں سخت تاہم زندگی میں ذمہ دار شہری ہیں ۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ اہلیہ مجھے اردو سکھاتی ہیں ، اتنی زیادہ اردوبولنی تو نہیں آتی لیکن کوشش ضرور کرتا ہوں۔ذاتی زندگی کے بارے میں عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کی فریال سے نیویارک میں ڈنر پر ملاقات ہوئی اور انہوں نے ہی شادی کیلئے پرپوز کیا تھا ، اس نے بات والدین پر ڈال تھی جس کے بعد میں نے اپنے والدین کو اسکے گھر بھیجا اور شادی ہوگئی ۔

فریال کہتی ہے کہ اب باکسنگ کو خیرآباد کہہ دو لیکن میرا ابھی بہت کیرئیر باقی ہے ، ایک فائٹ کے دوران میں پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوگیا تھا ، اپنی اس شکست سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور وہ فائٹ مجھے ابھی تک یاد ہے جس کو میں کبھی نہیں بھول سکتا،پاکستان اور انگلینڈ سے قطع نظر پوری دنیا کے مسلمان مجھے سپورٹ کرتے ہیں کیونکہ میں مسلمان ہوں ۔عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ آپ جتنا زیادہ اللہ کی راہ میں خرچ کریں گے اللہ اتنا زیادہ آپ کو نوازے گا ، فیملی کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کرتا ہوں کیونکہ اب میں ایک والد بھی ہوں اور میری بہت پیاری بیٹی ہے ۔

وقت اشاعت : 26/08/2016 - 14:22:24