مہندر سنگھ دھونی تین اہم ریکارڈز کے قریب جا پہنچے

ہفتہ 27 اگست 2016 14:14

مہندر سنگھ دھونی تین اہم ریکارڈز کے قریب جا پہنچے

نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27اگست۔2016ء )بھارتی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف 2ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کی تیاری کر رہی ہے اور مختصر فارمیٹ کے بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کے پاس اس سیریز میں اہم ریکارڈز اپنے قبضے میں کرنے کا موقع موجود ہے۔ دھونی اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 324 انٹرنیشنل میچز میں کپتانی کر چکے ہیں اور ایک میچ بھارتی قائد کو نئے ریکارڈ کا مالک بنا دے گا۔

(جاری ہے)

دھونی کو ون ڈے تاریخ کا دوسرا سب سے کامیاب کپتان بننے کیلئے ایک فتح درکار ہے جہاں وہ ایلن بارڈر کے ساتھ 107فتوحات کی بدولت برابری پر ہیں جبکہ رکی پونٹنگ 165کامیابیوں کے ساتھ سرفہرست ہیں ، 121چھکوں کے مالک بھارتی کپتان ون ڈے میں تین مزید چھکے لگا کر کپتان کی حیثیت سے رکی پونٹنگ کے لگائے گئے 123 چھکوں کا ریکارڈ بھی توڑ سکتے ہیں تاہم یہ دونوں ریکارڈز اپنے نام کرنے کے لیے انہیں نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کا انتظا ر کرنا ہوگا۔

وقت اشاعت : 27/08/2016 - 14:14:29