پریمئر لیگ میں کھلاڑیوں کی خرید پر ایک ارب پاوٴنڈ خرچ

جمعہ 2 ستمبر 2016 12:49

پریمئر لیگ میں کھلاڑیوں کی خرید پر ایک ارب پاوٴنڈ خرچ

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 ستمبر۔2016ء)پریمئر لیگ فٹبال کلبز نے اس موسمِ گرما میں کھلاڑیوں کے تبادلوں پر ریکارڈ ایک ارب سے زائد پاوٴنڈز خرچ کیے ہیں۔ پریمئر لیگ فٹبال کلبز نے جمعرات کو کھلاڑیوں کے تبادلے آخری دن 15 کروڑ 55 لاکھ پاوٴنڈ خرچ کیے۔ایک دن پہلے ہی کھلاڑیوں کے تبادلے پر کلبز 1.005 ارب پاوٴنڈ خرچ کر کے گذشتہ برس کا 80 کروڑ 70 لاکھ پاوٴنڈ کا ریکارڈ توٹ چکا تھا۔

کھلاڑیوں کے تبادلے پر آنے والے والے اخراجات 1.165 ارب پاوٴنڈ تک پہنچ گئے۔کھلاڑیوں کے تبادلے اور خرید و فروخت کے اس عمل میں 13 بڑے کلبوں نے اپنے ریکاڈ توڑ دیے۔تبادلوں اور کھلاڑیوں کی خریداری کے علاوہ 20 پریمیئر کلبوں کو میچز کے نشریاتی حقوق کی فروخت سے پانچ ارب پاوٴنڈ سے زیادہ کا منافع ہوا۔

(جاری ہے)

مالیاتی کمپنی ڈیلوئٹ کے ڈین جونز نے کھلاڑیوں کے تبادلوں پر ریکارڈ رقم خرچ کرنے کی وجہ گذشتہ برس کے نشریاتی حقوق سے حاصل ہونے والی آمدن کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس کو دیکھتے ہوئے مختلف کلبوں نے کھلاڑیوں کے تبادلوں اور ان کی خریداری کے لیے اپنے اخراجات میں اضافہ کیا۔

ڈیلوئٹ کی شائع ہونے والی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سال 2016 میں پریمیئر لیگ میں شامل کلبوں نے اوسطاً کھلاڑیوں کی خریداری پر چھ کروڑ پاوٴنڈ خرچ کیے جبکہ صرف آخری دن ساڑھے 15 کروڑ خرچ کر دیے اور اس سے پہلے 2013 میں آخری اس دن کا ریکارڈ قائم ہوا تھا جب 14 کروڑ پاوٴنڈ خرچ کیے گئے۔اس سال چیمپیئنز لیگ میں کھیلنے والے صرف چار کلبوں کے کھلاڑیوں کی خرید و فروخت پر مجموعی اخراجات 38 کروڑ پچاس لاکھ پاوٴنڈ سے زیادہ تھے۔

ان کلبوں میں مانچسٹر سٹی، لیسٹر سٹی، آرسنل اور ٹوٹنہیم ہوٹسپر شامل ہیں۔ان چاروں کلبوں کے کھلاڑیوں کے تبادلے اور خرید و فروخت پر کیے جانے والے اخراجات پریمیئر لیگ میں شامل تمام کلبوں کی طرف سے خرچ کی گئی رقم کا ایک تہائی حصہ ہے۔سابقہ انگلش فٹبال کھلاڑی ٹریور سنکلیئر نے اس بارے میں کہا کہ ’اس میں اتنی زیادہ رقم ہونے کی ایک وجہ رسد و طلب کے قانون کی ہے۔ لوگ پریمیئر لیگ دیکھنا چاہتے ہیں اور اس میں سب سے زیادہ فائدہ کھلاڑیوں کا ہی ہوگا۔

وقت اشاعت : 02/09/2016 - 12:49:44