قومی کبڈی ٹیم ایشین بیچ گیمز میں شرکت کیلئے کل ویتنام کیلئے روانہ ہوگی

منگل 20 ستمبر 2016 11:15

اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 ستمبر۔2016ء) 8 رکنی قومی کبڈی ٹیم ایشین بیچ گیمز میں شرکت کیلئے بدھ کو اسلام آباد سے ویتنام کیلئے روانہ ہوگی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری محمد سرور کے مطابق ایشین بیچ گیمز 23 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ویتنام میں کھیلی جائیگی جس میں 6 کھلاڑی اور 2 آفیشلز پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔

کھلاڑیوں میں ناصر علی، اخلاق حسین، کاشف، ابرار حسین، عمران اور ارسلان شامل ہیں جبکہ افیشلز میں میجر نبیل رانا کوچ اور محمد رمضان بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے اور انہیں کوچ جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے ایشین بیچ گیمز کیلئے 6 باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے ان سے ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کی توقع ہے انہوں نے کہا کہ دو سال قبل تھائی لینڈ میں کھیلے گئے ایشین بیچ گیمز میں پاکستان نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور ایونٹ میں چاندی کا تغمہ اپنے ملک کیلئے جیتا تھا تاہم اس مرتبہ قومی ٹیم ایشین بیچ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹائٹل جیت کر وطن واپس لوٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم 21 ستمبر کو ویتنام روانہ ہوگی۔ سیکرٹری نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان سمیت ایران، بھارت، سری لنکا، کوریا، نیپال، ملائیشیاء، بنگلہ دیش اور ترکمانستان شرکت کرنیگے۔ تمام ممالک کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے۔
وقت اشاعت : 20/09/2016 - 11:15:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :