چیف آف نیول سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں 16 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کر دی

پیر 3 اکتوبر 2016 14:21

اسلام آباد ۔03 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔03 اکتوبر۔2016ء)چیف آف نیول سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں10ممالک کے16 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کر دی۔ ایونٹ میں مصر کے عمر عبدالمعید ٹاپ سیڈڈ ہوں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے اے پی پی کو بتایا کہ چیف آف نیول سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ 15سے 22 اکتوبر تک مصحف سکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں مصر، نیوزی لینڈ، امریکا، فرانس اور آئرلینڈسمیت مجموعی طور پر 10ممالک کے16 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کر دی۔

ایونٹ میں مصر کے عمر عبدالمعید ٹاپ سیڈڈ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئین شپ میں ایک قومی کھلاڑی نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، اس بار امید ہے کہ قومی کھلاڑی ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف آف آمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئین شپ کا گزشتہ روز کامیابی سے اختتام پزیر ہوگیا اور ایونٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی گئی۔

امید ہے آنے والے بین الاقومی مقابلوں مین زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے رواں سال پاکستان کو 25,25 ہزار ڈالر کے چار بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ پی ایس اے کے چاروں ایونٹس ستمبر سے دسمبر تک مرحلہ وار رکھے گئے ہیں جس کا پہلا ایونٹ 27 ستمبر سے2اکتوبر تک اسلام آباد میں کھیلا گیا۔

دوسرا ایونٹ چیف آف نیول سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ 15سے 22اکتوبرتک کھیلا جائے گا، ۔تیسرا ایونٹ چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ 14سے 22 تک نومبر تک اسلام آباد میں کھیلا جائیگا۔ جبکہ چوتھے اور آخری انٹر نیشنل ایونٹ کیلئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ عامر نواز نے کہا کہ اس سے قبل پی ایس اے نے پاکستان کو 25,25ہزار ڈالر کے دو ایونٹس کی میزبانی دی تھی جبکہ ان ایونٹس کی کامیابی سے انعقاد کے بعد پی ایس اے نے رواں سال پاکستان کو چار بین الاقوامی سکواش ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن 50ہزار ڈالر ایونٹ کی میزبانی کیلئے کوشش کررہا ہے۔ امید ہے کہ 50ہزار ڈالر پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی آئندہ سال پاکستان کو مل جائے گی۔
وقت اشاعت : 03/10/2016 - 14:21:06