دو جوہری ریاستوں میں کشیدگی کے باعث پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے روکا ، سربراہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن

بدھ 5 اکتوبر 2016 13:40

دو جوہری ریاستوں میں کشیدگی کے باعث پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے روکا ، سربراہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن (آئی کے ایف )نے رواں ہفتے ہندوستان کے مغربی شہر احمدآباد میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کو شرکت سے روک دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن (آئی کے ایف)کے سربراہ دیوراج چترویدی، جن کا تعلق ہندوستان سے ہے نے کہا کہ دو جوہری ریاستوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان، ایران، امریکا، آسٹریلیا،جنوبی افریقا، انگلینڈ، پولینڈ، کینیا اور ارجنٹینا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔چترویدی نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا یہ درست موقع نہیں ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کا ایک قابل قدر رکن ہے لیکن موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور دونوں قوموں کے بہتر مفاد میں ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے پاکستان کو اس چیمیئن شپ سے باہر رکھا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان نے انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن پر غیر منصفانہ سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے تحت ہی کیا گیا تو دونوں حریف ممالک کو ایونٹ سے باہر کیا جانا چاہیے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا محمد سرور نیغیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہم نے اس مسئلے پر بات کرنے کے لیے ایک اجلاس بلوایا ہے، لیکن ایک بات واضح ہے کہ پاکستان کے بغیر کبڈی ورلڈ کپ، ورلڈ کپ نہیں ہوگا ۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایسے ہی ہے جیسے برازیل کے بغیر فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد کیا جائے۔

وقت اشاعت : 05/10/2016 - 13:40:22