دوسرے ون ڈے میں بنگالیوں کا کم بیک

انگلینڈ کو 34 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر بنگلہ دیش کے 239رنز کے ہدف میں انگلش ٹیم 204رنز پر ہمت ہار گئی ٬ مشرفی مرتضی کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ٓخری اور فیصلہ کن میچ 12 اکتوبر کوچٹاگانگ میں کھیلا جائے گا

پیر 10 اکتوبر 2016 15:30

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2016ء) بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 3 میچوں کی ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں 34 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردیا۔میرپور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت تو میزبان ٹیم ایک بڑا اسکور ترتیب دینے میں ناکام رہی۔بنگلہ دیش کی ٹیم نے محموداللہ اور مشرفی مرتضیٰ کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنایا۔

سیریز کے پہلے میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے امرلقیس 25 کے مجموعے پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد بنگلہ دیش کے بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور جلد آؤٹ ہوتے رہے۔تاہم چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے محموداللہ نے بعد میں آنے والے بلے بازوں کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا تاہم وہ سب سے زیادہ 75 رنز بنا کر عادل رشید کا شکار بنے۔

(جاری ہے)

کپتان مشرفی مرتضیٰ 44 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ مصدق حسین نے 29 رنز بنائے۔ناصرحسین نے آؤٹ ہوئے بغیر 27 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس٬ عادل رشید اور جیک بال نے 2٬2 وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ کی مضبوط بیٹنگ کو دیکتھے ہوئے 239 رنز کا ہدف آسان لگ رہا تھا لیکن مہمان بلے باز شروع میں ہی مشکلات کا شکار ہوئے اور ابتدائی چار بلے باز 26 رنز پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد جونی بیئراسٹو اور جوز بٹلر نے اسکور کو 105 رنز تک پہنچایا۔

بیئراسٹو 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جوز بٹلر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو انگلینڈ کی جانب سے کامیاب بلے باز تھے۔عادل رشید 33 اور جیک بال 28 رنزبنا کر نمایاں رہے۔انگلینڈ کی پوری ٹیم 44.4 اورز میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور میچ 34 رنز سے ہار گئی۔بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے سب سے زیادہ 4 اور تسکین احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔مشرفی مرتضیٰ کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے دوران دونوں کے طرف کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخی ہوئی جو میچ کے خاتمے کے بعد بھی نظر آئی جب تمیم اقبال اور بین اسٹوکس ہاتھ ملاتے ہوئے جملوں کا تبادلہ کررہے تھے۔انگلینڈ نے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آخری اور فیصلہ کن میچ 12 اکتوبر کوچٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔۔
وقت اشاعت : 10/10/2016 - 15:30:51