عالمی چیمپئن جان شیر خان پیر سے پی اے ایف سکوائش کمپلیکس پشاور میں ٹریننگ کیمپ شروع کرینگے

منگل 3 اکتوبر 2006 19:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر۔2006ء) عالمی چیمپئن جان شیر خان پیر کے روز پی اے ایف سکواش کمپلیکس پشاور میں ٹریننگ کیمپ شروع کرینگے ۔کیمپ میں امجد خان ،فرہان محبوب ،عامر اطلس ،شاہد زمان،منصور زمان اور خواتین کھلاڑیوں میں ماریہ خان شامل ہیں۔اس سلسلے میں جان شیر خان دو اسسٹنٹ ٹرینرز کی خدمات بھی حاصل کرینگے جبکہ کیمپ ایک ماہ کیلئے پشاور اور بعد ازاں بالترتیب اسلام آباد،لاہور،کراچی میں منعقد ہونگے۔

یہ بات جان شیر خان نے منگل کے روز پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔انھوں نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کوخود تین دن سکواش اورگراؤنڈ ٹریننگ دینگے جبکہ باقی کے تین دن ان کے اسسٹنٹ ٹریننگ دینگے۔انھوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو چار سے پانچ گھنٹے روزانہ ٹریننگ دی جائیگی جس میں سکواش کورٹ اور گراؤنڈ دونوں کی ٹریننگ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ ان کھلاڑیوں کو سال میں چھ بڑے ٹورنامنٹ کھلائے جائینگے جن کی انعامی رقم تیس ہزار سے پچاس ہزار ڈالر تک ہو گی جبکہ ان تمام ٹورنامنٹس کا خرچہ فیڈریشن برداشت کریگی تاکہ ان کھلاڑیوں کی ورلڈ رینکنگ جلد از جلد ٹاپ لسٹ میں آ سکے۔انھوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کو بھی پاکستان اور ایشیاء کی سطح پر ٹورنامنٹ کھلائے جائینگے اور ہر طرح کی سہولت میسر کی جائیگی اور اگر کارلا خان کی ضرورت پڑی تو ان کو بھی لندن سے بلایا جائیگا۔

جان شیر خان نے کہا ہے کہ ان تمام پلیئرز کو ہر طرح کی سہولیات دی جائینگی جو ماضی میں نہیں دی گئیں ۔انھوں نے کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ میں پاکستان میں اگلے سال سے چار سے پانچ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ تیس سے چالیس ہزار ڈالر انعام والے کراؤں گا۔انھوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائینگی تاہم ٹریننگ میں کوتاہی یا ڈسپلن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی اور اگر کسی نے ایسا کیا تو اسے نہ صرف کیمپ سے نکالا جائیگا بلکہ فیڈریشن بھی اس پر پابندی عائد کر سکتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ان کی بھرپور کوشش ہو گی کہ چھ ماہ کے اندر اندر ان کھلاڑیوں میں سے پاکستان کو ٹاپ رینک کھلاڑی دے سکوں اور سکواش میں ملک کو جس ڈاؤن فال کا سامنا کرنا پڑا اسے ختم کر سکوں۔
وقت اشاعت : 03/10/2006 - 19:32:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :