یمن میں اغواء شدہ آسٹریلوی کوچ کی ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری٬اغوا کاروں کی جانب سے تاوان کا مطالبہ

جمعہ 21 اکتوبر 2016 16:14

یمن میں اغواء شدہ آسٹریلوی کوچ کی ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری٬اغوا کاروں کی جانب سے تاوان کا مطالبہ

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء) یمن میں اغوا ہونے و الے آسٹریلوی فٹبال کوچ کی ویڈیو جاری کردی گئی جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ان کے اغواکاروں نے آسٹریلوی حکومت سے ان کی بازیابی کے لیے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق انٹرنیٹ پر جاری ہونے والی اس ویڈیو میں 56 سالہ کریگ بروس مک ایلسٹر نے بتایا کہ انھیں ایک نامعلوم گروہ نے اغوا کیا ہے۔

بدھ کے روز آسٹریلیا نے کہا تھا کہ وہ اپنے ایک شہری کے اغوا ہونے سے باخبر ہیں۔کریگ بروس مک ایلسٹر کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ صنعا میں یوتھ فٹبال ٹیم کی کوچنگ کرنے کے لیے یمن میں چھ سال سے مقیم تھے۔24 سکینڈ کی ویڈیو میں مک ایلسٹر کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو میں وہ کہہ رہے ہیں کہ مجھے یہاں ایک گورپ نے اغوا کیا ہے۔

وہ کہہ رہے ہیں کہ آسٹریلوی حکومت وہ پیسہ بھیج دے جس کا انھوں نے مطالبہ کیا ہے۔تاہم تاوان کی رقم کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے اور کسی بھی گورپ کی جانب سے تاحال اغوا کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی نہیں کیا گیا ہے۔یمن میں غیر ملکیوں کو اغوا کیے جانے کے واقعات تواتر سے سامنے آتے رہتے ہیں۔خیال رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں اور یمنی صدر منصور ہادی کی فورسز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق اب تک یمن میں جاری جنگ کے نتیجے میں تقریبا سات ہزار افراد مارے جا چکے ہیں جن میں زیاد تعداد عام شہریوں کی ہے۔

وقت اشاعت : 21/10/2016 - 16:14:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :