فرحان محبوب نے چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئن شپ2016کا ٹائیٹل اپنے نام کر لیا

پیر 21 نومبر 2016 17:17

فرحان محبوب نے چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئن شپ2016کا ٹائیٹل اپنے نام کر لیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) فرحان محبوب نے چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئن شپ2016کا ٹائیٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ فائنل میں اس نے اپنے ہم وطن کھلاڑی فرحان زمان کو تین ایک سے شکست دیکر یہ اعزاز حاصل کیا۔مصحف علی میر سکواش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلے گئے 25ہزار امریکی ڈالرز انعامی رقم کے ٹورنامنٹ کا فائنل ورلڈ نمبر 52 فرحان زمان اورورلڈ نمبر 106 فرحان محبوب کے درمیان کھیلا گیا۔

اس موقع پر چیف آف ایئر سٹاف ایئرچیف مارشل سہیل امان مہمان خصوصی تھے،ان کے ہمراہ ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف سپورٹ ایئر مارشل مجاہد انور،ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف ایڈمنسٹریشن ایئر مارشل عاصم ظہیر،ایئر وائس مارشل خالد دبیر، سابق ورلڈ چیمپئن جہانگیر خان،سرینہ ہوٹل کے عزیز بولانی ،پاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید رضی نواب ،نائب صدر قمر زمان اورسیکرٹری عامر نواز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سب سے پہلے قومی ترانہ پڑھا گیا اور پھر مہمان خصوصی ایئرچیف مارشل سہیل امان نے گیند کورٹ میں پھینک کر فائنل میچ کے آغاز کی باضابطہ منظوری دی۔فائنل میچ کی پہلی گیم میںدونوں کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم فرحان محبوب نے اپنے تجربے کی بنیاد پر پہلی گیم میں 11۔9سے کامیابی حاصل کر کے میچ میں سبقت حاصل کر لی۔دوسری گیم میںفرحان محبوب نے فرحان زمان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئی9 پوائنٹس کی سبقت حاصل کر لی تاہم فرحان زمان نے قدرے مزاحمت کی لیکن فرحان محبوب نے دوسری گیم میں بھی 11۔

5سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔تیسری گیم میںفرحان زمان اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے میچ میں واپس آئے اور تیسری گیم میں 11۔6سے کامیابی حاصل کرکے فرحان محبوب کی میچ میں سبقت کم کر دی۔چوتھی گیم میں فرحان محبوب نے فرحان زمان کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا،فرحان زمان نے بھی کچھ اچھی شارٹس کھیلیں لیکن فرحان محبوب نے چوتھی گیم میں11۔

5 سے کامیابی حاصل کرکے چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئن شپ2016 کے چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ۔آخر میں مہمان خصوصی ایئرچیف مارشل سہیل امان نے مذکورہ ٹورنامنٹ کے فاتح فرحان محبوب کو ونر ٹرافی اور 3610ڈالر کیش پرائزجبکہ فرحان زمان کو رنر اپ ٹرافی اور2470ڈالر کیش پرائز سے نوازا جبکہ سید رضی نواب نے مہمان خصوصی ایئر مارشل سہیل امان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
وقت اشاعت : 21/11/2016 - 17:17:23