کوہ پیما حسن سدپارہ نے ماؤنٹ ایورسٹ سمیت دنیا کی 8 بلند ترین چوٹیاں سر کیں

پیر 21 نومبر 2016 17:28

کوہ پیما حسن سدپارہ نے ماؤنٹ ایورسٹ سمیت دنیا کی 8 بلند ترین چوٹیاں سر کیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما حسن سدپارہ گزشتہ روز انتقال کر گئے، وہ ماؤنٹ ایورسٹ سمیت دنیا کی 8 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی تھے۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے حسن سدپارہ کی عمر 53 برس تھی اور وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق دو ماہ قبل ان کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی اور راولپنڈی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے، حسن سدپارہ کا تعلق سکردو سے کچھ فاصلے پر واقع سدپارہ گاؤں سے تھا، انہوں نے کوہ پیمائی کا آغاز 1994 میں کیا، 1999 سے پیشہ وارانہ کوہ پیمائی شروع کی، 2007 تک انہوں نے پاکستان میں واقع آٹھ ہزار میٹر سے بلند پانچ چوٹیاں آکسیجن کی مدد کے بغیر سر کر لی تھیں۔

(جاری ہے)

کوہ پیمائی میں اعلیٰ کارکردگی پر حکومتِ پاکستان نے حسن سدپارہ کو2008 میں تمغہ حسن ِ کارکردگی سے بھی نوازا۔ حسن سدپارہ نے 1999 میں نانگا پربت، 2004 میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو، 2006 میں گیشا برم ون اور گیشا برم ٹو جبکہ 2007 میں براڈ پیک کو سر کیا۔ براڈ پیک سر کرنے کے بعد حسن سدپارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ 'اگر مجھے تعاون حاصل ہو تو میں فخر سے اپنا جھنڈا ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک لے کر جاؤں' اور چار سال بعد حسن سدپارہ کا یہ خواب اس وقت پورا ہوا جب مئی 2011 میں انہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کی۔
وقت اشاعت : 21/11/2016 - 17:28:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :