پی ٹی وی تمام تر دعوؤں کے باوجود آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچز دکھانے کا عمل شروع نہ کرسکا، پاکستان کے کروڑوں ناظرین ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ دیکھنے سے محروم صدر مملکت سے نوٹس لینے کی اپیل

اتوار 8 اکتوبر 2006 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اکتوبر۔2006ء ) پی ٹی وی کے حکام اپنے تمام تر دعوؤں کے باوجود بھارت میں ہونے والے میگا ایونٹ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ ( منی ورلڈ کپ ) کے میچز دکھانے کا عمل شروع نہ کرسکے اور پاکستان کے کروڑوں ناظرین اس ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ دیکھنے سے محروم رہے شائقین کرکٹ نے پی ٹی وی حکام کے اس رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف صدر مملکت جنرل پرویز مشرف سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔

اتوار کو بات چیت کرتے ہوئے کرکٹ کے شائقین اسد کیانی  حافظ سمیع اللہ  شجاعت حسین و دیگر نے کہا ہے کہ پی ٹی وی قومی چینل ہے اور وہ بجلی کے بل پر ہر ماہ 25روپے وصول کرتا ہے لیکن اس کے برعکس شائقین کو وہ سخت مایوس کررہا ہے پی ٹی وی کے حکام نے چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ کرکٹ کے حقوق خود حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد ایک نجی چینل سے معاہدہ کیا اور دعوی کیا کہ وہ آئی سی سی چیپمئنز ٹرافی کے تمام میچز براہ راست نشر کرے گا مگر سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا کوالیفائنگ میچ ہی پی ٹی وی ٹیلی کاسٹ نہ کرسکا اور ملک بھر میں کرکٹ کے وہ شائقین جن کو کیبل کی سہولت حاصل نہیں وہ اس میچ کو دیکھنے سے محروم رہے ۔

(جاری ہے)

شائقین نے کہا کہ اس سے قبل ورلڈ کپ ہاکی میں بھی پی ٹی وی کے حکام نے اسی رویے کا مظاہرہ کیا اور اس میگا یونٹ کے بھی بعض میچز براہ راست دکھانے کی بجائے ان کی ریکارڈنگ پیش کی گئی اور متعدد میچز سرے سے دکھائے ہی نہیں گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی حکام کا یہ رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ شائقین نے کہا کہ وہ ہر ماہ 25روپے پی ٹی وی کو ادا کرتے ہیں اس کا احساس کرتے ہوئے پی ٹی وی حکام کو چاہیے کہ وہ کھیلوں کے شائقین کا احترام کریں اور تمام میچز دکھائے جائیں ۔ شائقین نے پی سی بی کے سرپرست اعلی صدر مملکت جنرل پرویز مشرف سے بھی اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔
وقت اشاعت : 08/10/2006 - 16:07:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :