قومی باکسر محمد وسیم نے کوریا کی جانب سے شہریت کی پیش کش ٹھکرا دی

جمعہ 9 دسمبر 2016 14:25

قومی باکسر محمد وسیم نے کوریا کی جانب سے شہریت کی پیش کش ٹھکرا دی

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9دسمبر۔2016ء ) ڈبلیو بی سی سلور فلائی ویٹ چیمپئن باکسر محمد وسیم نے کورین شہریت کی پیش کش ٹھکرا دی۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے باکسر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ باکسنگ کا کھیل بہت مہنگا ہے جس کیلئے سپانسرز درکار ہوتے ہیں ،انہیں پیسوں کی نہیں بلکہ پروموٹرز کی ضرورت ہے ۔محمد وسیم نے حکومت پاکستان کی جانب سے بار بار یقین دہانیوں کے باوجود تعاون نہ کرنے پر گلہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کامن ویلتھ گیمزاور ایشین گیمز سمیت کئی میڈلز جیتے لیکن حکومت کی جانب سے مجھے کسی بھی فائٹ کے لیے سپانسر نہیں کیا گیااور نہ ہی حکومت نے اب تک اپنے کسی وعدے پر عمل کیا ۔

امریکا جانے سے قبل ہر طرف سے مجھ سے رابطہ کیا لیکن کسی طرف سے کوئی مدد نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

محمد وسیم نے انکشاف کیا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے 4 مرتبہ ملاقات کی لیکن بلوچستان حکومت کی جانب سے بھی سپانسر کے لیے ا ن سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، انہوں نے امریکا میں ڈبلیو بی سی ٹائٹل اپنے بل بوتے پر جیتا اور اس موقع پر انہیں صرف کورین سپانسر نے سپورٹ کیا تھا ۔

پاکستانی باکسر کا مزید کہنا تھا کہ اب وہ دنیا کے بہترین باکسرز کو چیلنج کرنے جارہے ہیں اور اسی سلسلے میں اگلے سال مارچ میں ان کی ورلڈ ٹائٹل کے لیے فائٹ ہوگی جس کے لیے انہیں سپانسرز کی ضرورت ہے ۔دنیا میں پاکستان کا نام اونچا کرنے والے باکسر نے انکشاف کیا کہ جنوبی کوریا کی جانب سے انہیں شہریت کی پیش کش کی گئی تھی لیکن وہ اپنا وطن نہیں چھوڑیں گے ۔

وقت اشاعت : 09/12/2016 - 14:25:28