پاکستانی کھلاڑیوں کی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی تیاری کیلئے بھرپور پریکٹس، سہیل خان انجری کا شکار

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:39

پاکستانی کھلاڑیوں کی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی تیاری کیلئے بھرپور پریکٹس، سہیل خان انجری کا شکار

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کے خلاف شیڈول باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے سلسلے میں تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، فاسٹ بائولر سہیل خان نے انجری کے باعث پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے شروع ہو گا، کینگروز کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں گرین کیپس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 39 رنز سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستانی کھلاڑیوں نے جمعرات کو دوسرے ٹیسٹ کیلئے بھرپور پریکٹس کی، کھلاڑیوں کو بیٹنگ و بائولنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کی بھی پریکٹس کروائی گئی، کپتان مصباح الحق نے آدھا گھنٹہ اضافی نیٹ بیٹنگ پریکٹس کی کیونکہ وہ کینگروز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں، کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں پوری تیاری اور قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے تاکہ میچ جیت کر سیریز برابر کر سکیں کیونکہ شکست کی صورت میں گرین کیپس کا آسٹریلیا میں سیریز جیتنے کا خواب پھر ادھورا رہ جائے گا۔ فاسٹ بائولر سہیل خان نے انجری کی وجہ سے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔

وقت اشاعت : 22/12/2016 - 20:39:46