پریذیڈنٹ انٹرنیشنل سکوائش کپ میں قومی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، عامر نواز

جمعرات 29 دسمبر 2016 11:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) پاکستان سکوائش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن محمد عامر نواز نے کہا ہے کہ پریذیڈنٹ انٹرنیشنل سکوائش کپ میں قومی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کریں گے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ایونٹ (آج) جمعہ سے شروع ہوگا جس میں ملکی اور غیر ملکی سمیت 48 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

ایونٹ میں ہانک کانگ کے لیوایو ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ مین رائونڈ میں 8 غیر ملکی اور 4 پاکستانی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ پریذیڈنٹ انٹرنیشنل سکوائش کپ کا پری کوالیفائنگ رائونڈ (آج) جمعہ کو مصحف علی سکوائش کمپلیکس میں شروع ہو گا۔ کوالیفائنگ رائونڈ یکم جنوری سے 2 جنوری 2017ء تک جبکہ مین رائونڈ 3 سے 6 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں ہانگ کانگ، ملائیشیا اور کویت کے 10 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔

کوالیفائنگ رائونڈ میں ملائیشیا اور کویت کے دو کھلاڑیوںکو مین رائونڈ کیلئے کوالیفائنگ رائونڈ کو عبور کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑی یکم اور دو جنوری کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) نے پاکستان کو 25ہزار ڈالر چار بین الاقوامی ایونٹ کی منظوری دی تھی جس میں تین ایونٹ کا کامیابی سے انعقاد کے بعد آخری ایونٹ پریذیڈنٹ انٹرنیشنل سکوائش کپ (آج) سے شروع ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستانی دونوں کھلاڑی فرحان زمان اور فرحان محبو ب نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور ٹائٹل بھی پاکستان نے حاصل کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی کھلاڑی بھر پور فارم میں ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ پریذیڈنٹ انٹرنیشنل سکوائش کپ میں قومی کھلاڑی اسی کارکردگی کو دہراتے ہوئے اپنے ملک کیلئے ٹائٹل جیتیں گے۔
وقت اشاعت : 29/12/2016 - 11:05:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :